افتتاحی تقریب بھارتی ایتھلیٹس آئی او سی پرچم تلے شریک ہوئے

سابق بھارتی ایتھلیٹ نے عالمی مقابلوں میں اس عمل کو ملکی بے عزتی کے مترادف قرار دیا ہے


Sports Desk February 08, 2014
سوچی ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں لیزر لائٹ شو میں آرٹسٹوں نے روسی جھنڈے کی شبیہ بنائی ہوئی ہے، 22 ویں سرمائی مقابلے 23 فروری تک جاری رہیںگے، گیمز میں پاکستان کی نمائندگی محمد کریم کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سوچی ونٹراولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھارتی اسکیئرز انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے پرچم تلے مارچ پاسٹ میں شریک ہوں گے، جس کا سبب آئی او سی کی جانب سے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن پر عائد معطلی ہے۔

سابق بھارتی ایتھلیٹ نے عالمی مقابلوں میں اس عمل کو ملکی بے عزتی کے مترادف قرار دیا ہے، سوچی گیمز میں بھارت کی جانب سے شیوکیشوان، ندیم اقبال اور ہیمانشو ٹھاکر حصہ لے رہے ہیں، اس صورتحال پر سابق اسپرنٹر ایشوینی نے کہا کہ یہ بے عزتی ہے، ہمارے حکام ایتھلیٹس کے معاملات میں بے حس ہیں، انھیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ ایونٹ میں کون حصہ لیتا ہے اور کون نہیں۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے دسمبر 2012 سے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن پر پابندی عائد کررکھی ہے، جس کے سبب کرپشن زدہ بھارتی آفیشلز کا ایسوسی ایشن میں دوبارہ منتخب ہونا تھا۔