ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے امیدوار پہلی آزمائش میں ناکام

شعیب ملک،کامران اکمل، شرجیل خان اور عمران فرحت ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، پیسرعمرگل اوربلاول بھٹی کی شاندار بولنگ


Sports Desk February 08, 2014
کراچی زیبراز انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیڈرل ایریاز چیتاز کیخلاف ایک رن سے سرخرو ہوئے۔فوٹو:فائل

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے امیدوار پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئے، راولپنڈی اسلام آباد ڈومیسٹک ٹورنارمنٹ کے دوسرے روز شعیب ملک، کامران اکمل، شرجیل خان اور عمران فرحت ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

پیسرعمر گل اور بلاول بھٹی نے شاندار بولنگ سے اپنی ٹیموں کی فتوحات میں اہم کردار اداکیا، لاہور ایگلز کو پہلے میچ میں اسلام آباد لیپرڈز نے 17 رنز سے زیر کرلیا۔ کراچی زیبراز انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیڈرل ایریاز چیتاز کیخلاف ایک رن سے سرخرو ہوئے، 5 اوورز فی اننگز پر محدود میچ میں ڈیرہ مراد جمالی ابیکس نے ایبٹ آباد فالکنز کو 11 رنز سے اپ سیٹ کردیا، سیالکوٹ اسٹالینز نے لاڑکانہ بلز کو 97 رنز سے سبق سکھایا، حیدر آباد ہاکس کی ٹیم کوئٹہ بیئرز کے ہاتھوں 5 وکٹ کی خفت سے دوچار ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباداور راولپنڈی میں قومی ٹوئنٹی 20کپ کا پہلا روز مکمل طور پر بارش کی نذر ہوجانے کے بعد خراب موسم نے دوسرے دن بھی مقابلوں کو متاثر کیا جس کی وجہ سے انتظامیہ کو بعض میچز کے اوورز کم کرنا پڑے۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں اسلام آباد لیپرڈز نے لاہور ایگلز کو 17 رنز سے مات دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 118 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔

فیضان ریاض24 اور کپتان عماد وسیم نے 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز تراشی، محمد خلیل 2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ آسان ہدف کا تعاقب کرنے والی لاہور ایگلز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 101 رنز تک ہی پہنچ سکی، ٹیم میں شامل اسٹار کرکٹر کامران اکمل7 اور عمران فرحت 4 رنز ہی بناسکے، توفیق عمر نے 41 اور اظہر علی نے 19 رنز پر ہمت ہار دی، قومی پیسر عمرگل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 18 رنز کے بدلے 3 وکٹیں اڑائیں،کپتان عماد وسیم نے بھی اتنے ہی شکارکرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں بارش سے متاثرہ 14 اوورز فی اننگز پر محدود میچ میں نو آموز فیڈرل ایریاز چیتاز کیخلاف کراچی زیبراز کی ٹیم انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے فتح سمیٹ سکی، فاتح ٹیم نے حسن رضا(45) اورفیصل اقبال(23) سے تقویت پاتے ہوئے97 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، آصف آفریدی 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

 photo 6_zps339dc818.jpg

فیڈرل ایریاز چیتاز ٹیم کو آخری گیند پر میچ برابر کرنے کیلیے صرف ایک رن کی ضرورت تھی مگر اس کا آخری بیٹسمین آئوٹ ہوکر ٹیم کو ایک رن کی خفت سے دوچار کرگیا، تابش خان ، شاہ زیب احمد اور اکبر الرحمان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں حیدر آباد ہاکس کی ٹیم کوئٹہ بیئرز کے ہاتھوں 5 وکٹ سے ناکام ہوگئی۔ حیدرآباد نے 16 اوورز فی اننگز پر مشتمل میچ میں 99 رنز بنائے، اوپنر شرجیل خان اورکپتان فیصل اطہر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے،اعظم گھمن نے 27 اسکورکیے۔ ناظر حسین اورغلام محمد نے 3,3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ کوئٹہ بیئرزنے ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا، کپتان بسم اللہ خان ففٹی کے ساتھ ٹیم کو کامیابی دلانے میں سرخرو رہے۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں ڈیر مراد جمالی ابیکس نے یونس خان کی زیر قیادت کھیلنے والی ایبٹ آباد فالکنز کو 5 اوورز فی اننگز پر مشتمل مقابلے میں 11 رنز سے اپ سیٹ کردیا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 5 اوورز میں5 وکٹ پر 35 رنز بنائے،فضل ربی اور یاسر شاہ نے دو، دو جبکہ جنید خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ فالکنز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 24 رنز تک ہی پہنچ سکی، یونس خان صرف ایک اسکورپر رن آئوٹ ہوگئے، یاسر حمید 11 کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے،شبیر علی اور کامران ساجد نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ مرغزار گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں سیالکوٹ اسٹالینز نے لاڑکانہ بلز کو 97 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا، فاتح ٹیم نے وکٹ کیپر شکیل انصر کے ناقابل شکست54 ، شاہد یوسف کے39 اور حارث سہیل کے 24 رنز سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 166رنزبنائے، کپتان شعیب ملک 2 اور عمران نذیر 6 کیساتھ میدان بدر ہوگئے،غلام یاسین اور زید محمود نے 2،2 شکار کیے۔ مشکل ہدف کا تعاقب کرنے والی لاڑکانہ کی ٹیم 69 پر ڈھیر ہوگئی، صرف دو بیٹسمین ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے ، بلاول بھٹی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اوورز میں 7 رنز دیکر 3 وکٹیں اپنے نام کیں، عبدالرحمان،رضا حسن اور سرفراز احمد 2،2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔