صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار غیور اختر کا انتقال

غیور اختر کو معروف ڈرامہ سیریل ’’سونا چاندی ‘‘میں ان کے تکیہ کلام ’’اوہوہو ‘‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا


Editorial February 08, 2014
غیور اختر کو معروف ڈرامہ سیریل ’’سونا چاندی ‘‘میں ان کے تکیہ کلام ’’اوہوہو ‘‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا. فوٹو : فائل

صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار غیور اختر 69برس کی عمر میں جمعہ کو لاہور میں انتقال کر گئے' انھیں اسی روز دربار حضرت میاں میر کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وہ فالج کے باعث گزشتہ تین برس سے علیل تھے۔ انھوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ غیور اختر 1946ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ سرکاری ملازم تھے لیکن اداکاری کے شوق میں ریڈیو پر آئے اور پھر وہاں سے پی ٹی وی اور پھر فلم تک کا سفر طے کیا۔ غیور اختر کو معروف ڈرامہ سیریل ''سونا چاندی ''میں ان کے تکیہ کلام ''اوہوہو '' نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ انھوں نے 1970ء میں پی ٹی وی لاہور سینٹرسے کیرئیر کا آغاز کیا ۔ ان کے مشہور ڈراموں میں سونا چاندی ، خواجہ اینڈ سن، فری ہٹ، گھر آیا میرا پردیسی، افسر بیکار خاص اور ستارہ شامل ہیں ۔

انھوں نے بچوں کے مقبول ڈرامہ'' عینک والا جن'' میں سامری جادوگر کا کردار بھی ادا کیا۔ غیور اختر نے اپنے کیرئیر میں چند فلموں میں اداکاری بھی کی۔ فلم ''ڈائریکٹ حوالدار '' میں جیلر کا کردار آج بھی ان کے مداحوں کو یاد ہے۔ ان کا شمار ملک کے سینئر اداکاروں میں ہوتا تھا۔ پاکستان میں فلم انڈسٹری تقریباً ختم ہو چکی ہے' ڈرامہ خواہ ٹی وی پر ہو یا اسٹیج پر وہ بھی زوال پذیر ہے۔ ماضی کے با صلاحیت فنکار آہستہ آہستہ دنیا سے اٹھ رہے ہیں اور ان کی جگہ نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا' وزیراعظم میاں نواز شریف نے غیور اختر کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے لیکن محض بیان جاری کرنے سے زیادہ بہتر یہ ہے کہ ملک میں ثقافتی گھٹن کے ماحول کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔