آئندہ انتخابات میں ’’سولو فلائٹ‘‘ کرینگےعمران خان

سیاسی اتحادمسترد،پارٹی کے ایک کروڑ سے زائد ارکان پر انحصار کیا جائے گا


Numainda Express/Monitoring Desk September 11, 2012
سیاسی اتحادمسترد،پارٹی کے ایک کروڑ سے زائد ارکان پر انحصار کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ عام انتخابات کیلیے سیاسی اتحادمسترد کرتے ہوئے ''سولو فلائٹ'' کا فیصلہ کر لیا۔

پارٹی کے ایک کروڑ سے زائد ارکان پر انحصار کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق انھوں نے خصوصی گفتگو میںکہا کہ عوام کی اکثریت تبدیلی چاہتی ہے،سیٹ خالی چھوڑ دیں گے لیکن کسی کرپٹ کو ٹکٹ نہیں دیں گے۔عبوری سیٹ اپ کیلیے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت اے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو اعتماد میں نہ لیا گیا تو خوفناک نتائج نکل سکتے ہیں۔عمران کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی دونوں ممالک خطے میں ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہیں۔ بھارت سے کشمیر اور پانی سمیت تمام معاملات کے حل کیلئے روڈ میپ واضح کرنے کی ضرورت ہے۔

اسٹاف رپورٹرکے مطابق عمران نے حالیہ بارشوں اورسیلاب سے جانی ومالی نقصان پراپنے بیان میں کہاہے کہ غم کی گھڑی میں متاثرین کیساتھ ہیں۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ہنگامی اقدامات نہیں کئے جو قابل مذمت ہے۔جنوبی پنجاب میں سیلاب سے تباہی صوبائی حکومت کی نااہلی کی واضح مثال ہے،لوگوں کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی اور پانی اس وقت گھروں میں داخل ہوا جب وہ محو خواب تھے،فوج کو مدد کیلئے طلب کرنابدانتظامی کی ایک اور مثال ہے۔