کراچی میں 66 گز پر قائم 6 منزلہ عمارت کا غیر قانونی حصہ گرانے کا حکم

کورٹ رپورٹر  بدھ 1 دسمبر 2021
عدالت نے4ہفتے میں ذمہ دارافسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا:فوٹو:فائل

عدالت نے4ہفتے میں ذمہ دارافسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا:فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں66مربع گز پرقائم 6منزلہ عمارت کا غیرقانونی حصہ گرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے 4 ہفتے میں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران کیخلاف کارروائی اور ریٹائرڈ ملازمین و افسران کا معاملہ نیب کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر فیصلے پر عمل نہ ہوا تو ڈائریکٹر ملٹری لینڈ پر توہین عدالت لگائیں گے.

جسٹس ظفر احمد راجپوت اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ نے دہلی کالونی میں 66 اسکوائر یارڈ پر قائم 6 منزلہ عمارت بنانے کے کیس کی سماعت کی۔  عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں، کیا کارروائی کی اپنے افسران کیخلاف؟۔

وکیل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ معاملہ ڈائریکٹر ملٹری لینڈ کو منتقل کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ میں ان دنوں ملٹری لینڈ سے متعلق کیس چل رہا ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک ماہ پہلے اپنے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

وکیل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ ذمہ داران کیخلاف چارج شیٹ فریم کریں گے  کچھ وقت درکار ہے۔ جسٹس محمد فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے کون کون سے افسران ذمہ دار قرار پائے؟ کنٹونمنٹ بورڈ کے وکیل نے کہا کہ کچھ ملازمین ریٹائرڈ ہوچکے۔

جسٹس محمد فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے جو ریٹائرڈ ہو گئے  ان کیخلاف معاملہ نیب بھیجیں۔ جو حاضر سروس ہیں ان کیخلاف کارروائی کریں۔ 4 ہفتے کا وقت دے رہے ہیں، بتائیں کیا پیش رفت ہوئی۔ عمارت گرائیں اور ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کریں۔

دہلی کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف عدنان نامی شہری نے درخواست دائر کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔