پی ایس ایل سیون کا آغاز 27 جنوری سے ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 3 دسمبر 2021
ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  کرکٹ کا میلہ سجنے کی نوید سنا دی گئی، پی ایس ایل 7کا شیڈول جاری ہوگیا، ایونٹ کا 27 جنوری سے کراچی میں آغاز ہوگا۔

افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز مقابل ہوں گے، شہر قائد میں 15 میچز کا مرحلہ 7فروری کو مکمل ہونے کے بعد لاہور میں ایکشن شروع ہوگا، قذافی اسٹیڈیم27فروری کو فائنل سمیت 19میچز کی میزبانی کریگا،2 میچز کے روز پہلا مقابلہ دوپہر 2 بجے اور دوسرا شام 7 بجے شروع ہوگا، تمام ٹیموں کو دن اور مصنوعی روشنیوں میں کھیلنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے،پلیئرز کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کی سہ پہر 3 بجے لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوگی، ہر فرنچائز کو زیادہ سے زیادہ 8کرکٹرزبرقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔

ٹرانسفر اور ریٹینشن ونڈو کھول دی گئی، پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی پک لاہور قلندرز،دوسری ملتان سلطانز،تیسری اسلام آباد یونائیٹڈ،چوتھی اسلام آباد یونائیٹڈ،پانچویں پشاور زلمی اور چھٹی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہوگی، ترقی دے کر آصف علی، حارث رؤف اور محمد رضوان کو پلاٹینم، صہیب مقصود اور حیدر علی کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل کرلیا گیا،شعیب ملک اور محمد حفیظ تنزلی کے بعد ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ٹیمیں اپنے پلانز پر عمل درآمد کا آغاز کریں، بورڈ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلیے انتظامی امور میں تیزی لائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹرز اور ٹیموں کی آمد کا سلسلہ سال بھر جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 7 کے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا، ایونٹ 27 جنوری سے شروع ہوگا، پہلے مرحلے کے 15 میچز کراچی جبکہ پلے آف اورفائنل سمیت 19میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، شہر قائد میں مقابلے 7فروری کو مکمل ہوں گے۔

لاہور میں میچز کا 10فروری کو آغاز ہوگا، لیگ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا، اگلے روز پی ایس ایل 2019کے فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2017کے ٹائٹل ہولڈر پشاور زلمی کی ٹیمیں مقابل آئیں گی۔

کوالیفائر 23 فروری کو کھیلا جائے گا، پہلا ایلیمنیٹر 24 اور دوسرا 25 فروری کوہوگا،فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، یاد رہے کہ 2018سے 2020تک پی ایس ایل کے فائنلز کراچی جبکہ گذشتہ سال دبئی میں ہوا، 2017کے بعد پہلی بار قذافی اسٹیڈیم فیصلہ کن معرکے کا میزبان ہوگا، ڈبل لیگ میں تمام ٹیمیں 10،10 میچز کھیلیں گی جس کے بعد کوالیفائر، ایلیمینیٹر اور پھر فائنل ہوگا، مجموعی طور پر 32روز تک چوکوں، چھکوں کی برسات جاری رہے گی، 2 میچز کے روز پہلا مقابلہ دوپہر 2 بجے اور دوسرا شام 7 بجے شروع ہوگا۔

جمعے کو پہلا میچ سہ پہر 3اور دوسرا رات 8 بجے شروع ہوگا، جس دن ایک میچ ہوا تو وہ شام 7 بجے شروع ہوگا،پی سی بی کے مطابق اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ تمام ٹیموں کو دن اور مصنوعی روشنیوں میں کھیلنے کے یکساں مواقع میسر آئیں، پلیئرز کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کی سہ پہر 3 بجے لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوگی، ڈرافٹ میں ہر فرنچائز کو زیادہ سے زیادہ 8کرکٹرز برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی،ٹرانسفر اور ریٹینشن ونڈو بھی کھول دی گئی، 10دسمبر تک ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو برقرار یا تبادلہ کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔

ڈرافٹ کی پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی پک لاہور قلندرز،دوسری ملتان سلطانز،تیسری اسلام آباد یونائیٹڈ،چوتھی اسلام آباد یونائیٹڈ،پانچویں پشاور زلمی اور چھٹی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہوگی۔ڈائمنڈ کیٹیگری میں انتخاب کا پہلا حق لاہور قلندرز،دوسرا پشاور زلمی،تیسرا اسلام آباد یونائیٹڈ،چوتھا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،پانچواں کراچی کنگز اور چھٹا ملتان سلطانز کو حاصل ہوگا،گولڈ کیٹیگری میں پہلی پک لاہور قلندرز، سلور میں پشاور زلمی،ایمرجنگ میں لاہور قلندرز اور سپلیمنٹری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہوگی۔

ترقی دے کر آصف علی، حارث رؤف اور محمد رضوان کو پلاٹینم، صہیب مقصود اور حیدر علی کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل کرلیا گیا،شعیب ملک اور محمد حفیظ تنزلی کے بعد ڈائمنڈ کیٹیگری میں آگئے۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ میں شیڈول کے اعلان پر بہت خوش ہوں،ٹیموں اپنے پلانز پر عمل درآمد کا آغاز کریں،بورڈ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلیے انتظامی امور میں تیزی لائے گا،  ملک میں انٹرنیشنل کرکٹرز اور ٹیموں کی آمد کا سلسلہ سال بھر جاری رہے گا، مارچ اپریل میں آسٹریلوی ٹیم کا ٹور ہوگا،بعد ازاں انگلینڈ کی ٹیم بھی 2 بار آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔