بھارت آسانی سے اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتا راج موہن گاندھی

دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے ملناچاہتے ہیں،حکومتیں اپنا کردار ادا کریں


Staff Reporter February 09, 2014
تکلیف دہ ماضی کی غلطیاں بھلانا ہونگی، مہاتما گاندھی کے پوتے کا تقریب سے خطاب۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

مہاتما گاندھی کے پوتے اورمورخ ڈاکٹرراج موہن گاندھی نے کہاہے کہ بھارت آسانی سے اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتا ہے، ایک دوسرے کی بات سن کردکھ درد کاحال بتاناچاہیے۔

دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے ملناچاہتے ہیں، اس کے لیے دونوں حکومتوں کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ماضی تکلیف دہ ہے اس کی غلطیوں کو بھلانا ہوگا۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرپاکستان میںاپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹرراج موہن گاندھی نے کہاکہ اگرہمیں دنیاکو بدلناہے توپہلے اپنے آپ کوبدلنا ہوگا۔ اگر واقعی کچھ کرناہے توہمیں ایک دوسرے کی بات سننی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاملے میں پاکستان اور بھارت کو مقابلہ نہیں کرنا چاہیے۔ عوام امن چاہتے ہیںاور ایک دوسرے سے ملناچاہتے ہیں۔ وہ دونوں ممالک میںکشیدگی اورتنائو کی وجہ سے مشکلات کاشکار ہیں۔

 photo 2_zpsbaf9d595.jpg

اگرویزا پالیسی آسان کی جائے گی تو عوام کو ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملے گا اور فاصلے کم ہوں گے۔ تب ہی امن کی آشاپوری ہوگی۔ ہم چاہتے ہیں کہ نفرتیں ختم ہوں اور محبتیں بٹیں۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانی کا مسئلہ پیچیدہ ہے۔ دونوں ممالک کوبات کرناضروری ہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت میں جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تواس کے عوام، ملٹری، عدلیہ اورسب نتائج کوتسلیم کرتے ہیں۔ بھارت میں صحت وتعلیم کی سرکاری سہولیات بہترنہیں۔ ڈاکٹرراج موہن گاندھی نے کہاکہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے حیران کن نتائج دیے ہیں۔ بھارتی میڈیاکے حوالے سے انھوںنے کہایہ سچ ہے کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف بات کرتاہے لیکن بھارت میں میڈیا کی آزادی کے مثبت پہلوبھی ہیں۔ پولیس والے پہلے پیسے لیتے تھے، اب چالان کا ٹتے ہیں۔