آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کا وفد کل نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 7 دسمبر 2021
وفد اپنی رپورٹ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کو پیش کرے گا، 1998ء کے بعد پہلی بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی (فوٹو: فائل)

وفد اپنی رپورٹ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کو پیش کرے گا، 1998ء کے بعد پہلی بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی (فوٹو: فائل)

 کراچی: آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ شب پاکستان پہنچنے والا وفد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں کراچی کے بعد اسلام آباد اور لاہور میں بھی کرکٹ، سیکیورٹی، لاجسٹک اور کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔

سیکیورٹی ماہرین پر مشتمل وفد 13 اور 14 دسمبر کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں شیڈول میچز کا بھی جائزہ لے گا۔ مقامی انتظامیہ اور پی سی بی حکام کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔

بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل (ر) آصف موجود ہوں گے۔ دورے کے اختتام پر مہمان سیکیورٹی وفد اپنی رپورٹ کرکٹ بورڈ آسٹریلیا کو پیش کرے گا۔

رپورٹ کی روشنی میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال مارچ، اپریل میں دورہ پاکستان کا فیصلہ ہوگا۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں تین ٹیسٹ، اتنے ہی ایک روزہ انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جانا ہے۔

واضح رہے کہ 1998ء کے بعد پہلی بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔