شاہد آفریدی اورجیمزونس کوئٹہ گلیڈی ایٹرزمیں شامل

سلیم خالق  جمعرات 9 دسمبر 2021
ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور بھی ڈرافٹ میں شرکت کیلیے لاہور آئیں گے۔ فوٹو:فائل

ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور بھی ڈرافٹ میں شرکت کیلیے لاہور آئیں گے۔ فوٹو:فائل

کراچی: شاہد آفریدی اور جیمز ونس پی ایس ایل7میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے،ملتان سلطانز کی دونوں کے حوالے سے ٹریڈنگ ہوگئی اور اب اسے کوئٹہ کی ڈرافٹ میں چند باریاں مل جائیں گی۔

پی ایس ایل 7 کا پلیئرز ڈرافٹ اتوار کو لاہور میں ہو گا،اس سے قبل فرنچائزز ٹریڈنگ اورریٹینشن پر کام کر رہی ہیں، شاہد آفریدی کے حوالے سے کافی عرصے سے یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے اور اب اس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملتان سلطانز نے آفریدی سمیت جیمز ونس کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹریڈنگ کر لی، اب ڈرافٹ میں کوئٹہ کی چند باریاں ملتان کو مل جائیں گی، دفاعی چیمپئن ٹیم کے اونر عالمگیر ترین کی خواہش تھی کہ آفریدی اس سال بھی ٹیم میں برقرار رہیں، اسی کے ساتھ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر بھی چاہتے تھے کہ آل راؤنڈر کیریئر کی آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ کی شرٹ زیب تن کریں، آفریدی کے دونوں ہی سے اچھے تعلقات ہیں،فرنچائزز کی باہمی بات چیت میں ٹریڈنگ پر اتفاق ہوگیا۔

یاد رہے کہ 41 سالہ شاہد آفریدی نے پی ایس ایل 7 کے بعد ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے،انھوں نے گذشتہ سیزن کے4میچز میں 3 رنز بنائے اور2 وکٹیں لی تھیں،کمر میں تکلیف کے سبب ابوظبی میں میچز کیلیے وہ ملتان سلطانز کو دستیاب نہیں ہوئے تھے۔

دوسری جانب 30 سالہ انگلش بیٹسمین جیمز ونس نے پی ایس ایل 6میں سلطانز کیلیے 5 میچز میں 174 رنز اسکور کیے تھے،ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور بھی ڈرافٹ میں شرکت کیلیے لاہور آ رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔