بگ تھری سفارشات بنگلہ دیش کو وفاداری کا فوری صلہ مل گیا

بھارت سے موجودہ ایف ٹی پی میں 4 دوروں کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، نظم الحسن


Sports Desk February 10, 2014
ہم نے بھارتی بورڈ کے ساتھ چار دوروں کے ممبر پارٹیسپیشن ایگریمنٹ ( ایم پی اے ) پر دستخط کیے ہیں،چیئرمین بی سی بی ۔ فوٹو: فائل

بگ تھری تجاویز پر حمایت کرنے کا صلہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو فوری مل گیا، بھارت کے چار ٹورز پر بی سی بی چیف نے معاہدے پر دستخط کردیے۔

وطن واپسی پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ ہم نے بھارتی بورڈ کے ساتھ چار دوروں کے ممبر پارٹیسپیشن ایگریمنٹ ( ایم پی اے ) پر دستخط کیے ہیں، جس میں بنگلہ دیشی ٹیم 2016میں پہلی مرتبہ بھارت کے دورے پر بھی جائے گی، اسی نوعیت کے معاہدے کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے بھی ہوئے ہیں، تاہم ابھی ان کی تصدیق نہیں کی جاسکی، 2012-2020 کے نئے فیوچر ٹورپروگرام کے تحت بھارت نے رواں برس جون میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا تھا، جس میں بھی صرف ون ڈے میچز شامل تھے، اس کے علاوہ جون 2015 میں ٹیسٹ میچز کیلیے بھارتی ٹیم بنگلہ دیش کی مہمان بنے گی، معاہدے میں ہونے والے ٹورز اس کے علاوہ ہیں، بنگلہ دیشی ٹیم 2016 میں بھارت جائے گی، جس کیلیے ورلڈ ٹی 20 اور چیمپئنز لیگ سے قبل خالی جگہ پر ان مقابلوں کو ایڈجسٹ کیا جائیگا۔

 photo 2_zps5cbe9146.jpg

اس کے علاوہ معاہدے کے تحت بھارت نے 2020 میں بنگلہ دیش میں ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کردی ہے، نظم الحسن نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے بھارت سے جو معاہدہ کیا ہے اس کے تحت وہ رواں برس ہمارے میدانوں پر کھیلیںگے، اس کے بعد آئندہ برس (2015) میں وہ ٹیسٹ میچز کھیلنے دوبارہ بنگلہ دیش آئیںگے، اگست اور ستمبر2016 میں بنگلہ دیشی ٹیم بھارت کی مہمان بنے گی، جون 2020 میں بھارت دوبارہ ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلنے کیلیے ڈھاکا پہنچے گا، انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنا ہے اور بڑے ممالک کے دورے کرنا بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس کے علاوہ بی سی بی نے آسٹریلیا سے بھی اکتوبر2015 میں بنگلہ دیش میں کینگروز کی آمد کا ایم پی اے حاصل کرلیا ہے، اسی طرح جولائی 2018 میں ٹائیگرز آسٹریلیا جائیںگے، اس کے علاوہ آسٹریلوی ٹیم اضافی دورے پر 2021 میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی،نظم الحسن نے بتایا کہ اگرچہ اس پر ہماری اصولی بات ہوگئی ہے لیکن معاہدہ نہیں ہوا ہے، اسی طرح انگلینڈ نے بھی 2020 تک ہمارے ایف ٹی پی دوروں کو مکمل کرنے کی یقین دہائی کرادی ہے، انگلش ٹیم اس عرصے میں دو مرتبہ ہمارے دیس آئے گی۔