بے پروا رویہ پیٹرسن کی انگلش ٹیم سے چھٹی کا سبب بنا میڈیا رپورٹ

کپتان الیسٹرکک اور بیٹنگ کوچ گراہم گوچ کی تکرار ان کی بین الاقوامی کرکٹ سے چھٹی کی اہم وجہ بنی۔


Sports Desk February 10, 2014
کپتان الیسٹرکک اور بیٹنگ کوچ گراہم گوچ کی تکرار ان کی بین الاقوامی کرکٹ سے چھٹی کی اہم وجہ بنی۔ فوٹو: فائل

برطانوی میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پرتھ ٹیسٹ کے دوران کیون پیٹرسن کا بے پروا رویہ اور بالکونی میں کپتان الیسٹرکک اور بیٹنگ کوچ گراہم گوچ کی تکرار ان کی بین الاقوامی کرکٹ سے چھٹی کی اہم وجہ بنی۔

مقامی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق میچ کے دوران غیرذمے دارانہ اسٹروکس کے انتخاب نے گوچ کو پیٹرسن سے متنفر کردیا تھا، پرتھ میں 504 کا ہدف حاصل کرپانا انگلش ٹیم کیلیے مشکل تھا، لہذا ایسے میں پیٹرسن کو وکٹ پر سنبھل کر کھیلنے کی ہدایات تھیں لیکن اس کے برعکس انھوں نے لانگ آن پر آسٹریلوی اسپنر ناتھن لیون کو چھکا جڑا، جس پر بالکونی میں موجود الیسٹرکک نے اگرچہ پیٹرسن کے شاٹ کی ستائش کی لیکن عینی شاہدین کے مطابق گوچ اس پر خاصے برہم ہوئے تھے، ان کا کہناتھا کہ ٹیسٹ میچ بچانے کیلیے ایسے اسٹروکس کی ضرورت نہیں ہے، چار گیندوں بعد اسی طرح کا ایک اور شاٹ کھیلنے کی کوشش میں پیٹرسن کیچ ہوکر میدان سے باہر آگئے تھے۔