گریٹر پارک لاہور میں خاتون پولیس اہلکار کو ہراساں کرنے والے 2 ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 19 دسمبر 2021
ملزمان کی شناخت  نعیم اور طیب کے نام سے ہوئی ہے، پولیس۔ فوٹو:فائل

ملزمان کی شناخت نعیم اور طیب کے نام سے ہوئی ہے، پولیس۔ فوٹو:فائل

لاہور: گریٹر پارک میں لیڈی اہلکار آسیہ کو ہراساں کرنے والے  دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق گریٹراقبال پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے بعد لیڈی پولیس اہلکار کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات آسیہ نامی لیڈی پولیس اہلکار کو دو لڑکوں نے ہراساں کیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خاتون یوٹیوبر سے بدتمیزی کرنے والے ہجوم کے خلاف مقدمہ درج

پولیس حکام کے مطابق لیڈی اہلکار آسیہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ دو لڑکے اسے ہراساں کررہے ہیں، جس پر پولیس  نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر 5 سے حراست میں لے لیا۔ ملزمان کی شناخت  نعیم اور طیب کے نام سے ہوئی ہے،  دونوں راوی روڑ کے رہائشی ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار آسیہ کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، خاتون اہلکار نے بیان دیا ہےکہ اسے نعیم اور طیب نے تنگ کیا اور آوازیں کسیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔