انڈر19وارم اپ میچ پاکستان نے یو اے ای کو پچھاڑ دیا

سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کومات دے دی،آسٹریلیا کو زمبابوے سے شکست


Sports Desk February 11, 2014
ضیا الحق اورعرفان اللہ شاہ نے 3,3 وکٹیں لیں۔ فوٹو: فائل

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے میزبان یو اے ای کو 10 وکٹ سے پچھاڑ دیا۔

فاتح ٹیم نے 102 رنز کا ہدف 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔ سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو مات دے دی، گذشتہ ایونٹ کی رنر اپ آسٹریلوی سائیڈ کو زمبابوے کے ہاتھوں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق یواے ای نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ضیا الحق نے دوسری ہی گیند پر چراغ سوری کو پویلین بھیج دیا، 7 کے مجموعی اسکور پر پیسر نے دوسرے اوپنر وجے کمار کا بھی شکار کرلیا، شورے چوپڑا اور ڈین ڈی سوزا نے تیسری وکٹ کیلیے64 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل سے نکالا لیکن پھر میزبان بیٹسمین وکٹیں گنواتے رہے۔



پوری ٹیم 101 رنز تک محدود ہوگئی، ضیا الحق اورعرفان اللہ شاہ نے 3,3 وکٹیں لیں۔ پاکستانی اوپنرسمیع اسلم اور امام الحق 17 اوورز میں ہدف عبور کرتے ہوئے ناقابل شکست پویلین گئے، کپتان نے 43 اور امام الحق نے42 رنز بنائے۔ ایک اور وارم اپ میچ میں سری لنکن سائیڈ نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 5 وکٹ سے زیر کرلیا، بلوشرٹس ٹیم 46 اوورز میں 209 رنز بنا سکی، بنورا فرنینڈو نے 4 وکٹیں لیں، فاتح ٹیم نے ہدف 7 گیندوں قبل حاصل کرلیا، اوپنر سمارا وکرما نے 82 اور پریامل پریرا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ گذشتہ ایونٹ کی رنر اپ آسٹریلوی سائیڈ کو زمبابوے نے 3 وکٹ سے زیر کرلیا، فاتح ٹیم نے 196 رنز کا ہدف 7 وکٹیں گنواتے ہوئے 9 گیندوں قبل حاصل کیا، ریان برل60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر میچز میں بنگلہ دیش نے پاپوا نیوگنی کو 165 رنز سے مات دی، افغانستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 9 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ نے کینیڈا اور انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف باآسانی کامیابی سمیٹی۔ جنوبی افریقہ نے نمیبیا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔