ٹرپل سنچری بنانے والے محمد حریرہ کو غصہ اور نامناسب رویہ اپنانا مہنگا پڑگیا

اسپورٹس رپورٹر  پير 27 دسمبر 2021
پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر محمد حریرہ پر جرمانہ عائد ۔ فوٹو : فائل

پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر محمد حریرہ پر جرمانہ عائد ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سینچری جڑنے والے دوسرے کم ترین پاکستانی بیٹسمین محمد حریرہ کو غصہ اور نامناسب رویہ اپنانے کا خمیازہ بھگتنا پڑ گیا اور پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد ہوگیا۔

خیبرپختون خوا  کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قائد اعظم  ٹرافی کے ڈے اینڈ نائٹ فائنل میں کھیل کے دوسرے روز ناردرن کے محمد حریرہ پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق  2.8 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، یہ آرٹیکل میچ میں آؤٹ ہونے پر اپنے ایکشن کے ذریعے غصہ اور غیر مناسب رویے کا اظہار کرنے سے متعلق ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد ہریرہ ٹرپل سنچری بنانے والے دوسرے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے

پہلی اننگز کے 22ویں  اوورمیں جب  امپائر نے محمد حریرہ  کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا تاہم نوجوان بیٹسمین نے تاخیرسے کریز چھوڑی، محمد حریرہ نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور میچ ریفری ندیم ارشد کی طرف سے تجویز کردہ سزا کو قبول کیا، جرمانہ آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور  فیصل خان آفریدی نے عائد کیا۔

واضح رہے کہ اس اننگ میں 51 رنز بنا کر20 سالہ محمد حریرہ ٹرافی میں مجموعی طور پر 929  رنزکے ساتھ بیٹنگ میں سرفہرست ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔