سرجن سے اتفاقیہ ملاقات نے آدمی کی بدصورتی دور کردی

ویب ڈیسک  منگل 28 دسمبر 2021
کونراڈو اسٹراڈا کی سرجری سے پہلے اور بعد کی حالت

کونراڈو اسٹراڈا کی سرجری سے پہلے اور بعد کی حالت

امریکی شہر نیویارک سے تعلق رکھنے والے کونراڈو ایسٹراڈا کے ساتھ ایک عجیب و غریب طبی معاملہ پیش آیا جب ان کی ناک کی کھال آگے سے بڑھ گئی جو ان کیلئے شرمندی اور تکلیف کا باعث تھی۔

میڈیکل کی زبان میں اس طبی حالت کو rhinophyma کہتے ہیں۔ کونراڈو برسوں سے اس کے علاج کیلئے دربدر پھر رہے تھے کہ ایک دن ان کی ملاقات ڈاکٹر تھومیس رومو سے ہوگئی جو نیویارک کے لینوکس ہِل ہسپتال میں بحیثیت فیشل پلاسٹک سرجری کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کررہے ہیں۔

کونراڈو کی ناک نہ صرف شرمندگی کا باعث تھی بلکہ انہیں سانس لینے، بولنے اور کھانے میں دشواری کا سامنا تھا۔ یہاں تک کہ کونراڈو کی مسکراہٹ کو بھی اس ناک نے لوگوں سے مخفی کررکھا تھا۔

کونراڈو دراصل پینٹر اور تعمیراتی شعبے میں ملازم ہیں اور ڈاکٹر تھومیس کے گھر میں ایک کام کے سلسلے میں بحیثیت مزدور کے طور پر بلائے گئے تھے۔ وہاں ڈاکٹر نے ان کی یہ حالت  دیکھی اور اسے درست کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ یہ ایک انفیکشن تھا جو مزید بڑھتا رہتا۔

کونراڈو کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ خدا نے ڈاکٹر تھومیس کی صورت میں میرے پاس ایک فرشتہ بھیجا ہے جس نے مجھے اس اذیت سے نجات دلائی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔