سوچی ونٹر اولمپکس ڈرونز کے ذریعے مقابلوں کی تصاویر لی جانے لگیں

سوچی میں آسمان پر موجود ایک آنکھ نیچے ہونے والی تمام سرگرمیاں بالکل نئے طرز سے پیش کررہی ہے۔


AFP February 13, 2014
سوچی میں آسمان پر موجود ایک آنکھ نیچے ہونے والی تمام سرگرمیاں بالکل نئے طرز سے پیش کررہی ہے۔ فوٹو: فائل

ونٹر اولمپکس میں اگرچہ ڈرامائی ٹی وی تصاویر لینے کیلیے بڑی تعداد میں کیمرہ مین موجود ہوتے ہیں لیکن سوچی میں آسمان پر موجود ایک آنکھ نیچے ہونے والی تمام سرگرمیاں بالکل نئے طرز سے پیش کررہی ہے۔

برف سے ڈھکی قابل دید ڈھلوانوں پر ہونے والے مقابلوں میں فری اسٹائل اسکیئرز اور اسنو بورڈرز کی تصاویر کیلیے تاریخ میں پہلی مرتبہ کیمرے سے لیس ایک ڈرون پرواز کررہا ہے، اسٹینڈز میں موجود تماشائی مکڑی نما اس جہاز سے بہت دور لیکن بڑی اسکرینز پر اس کی بھیجی گئی دیدہ زیب تصاویر سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔ صرف 4 کلوگرامز وزنی اور 1.30 میٹرز چوڑا یہ ڈرون ایک گھنٹے میں 70 کلومیٹرز کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے، اس سے بقول ڈرون کنٹرولر فلپس ڈیلافوسے کے تصاویر لینے میں آسانی ہوتی ہے۔ اپنے6 روٹرز کے ساتھ ایک چھوٹے سے ہیلی کاپٹر جیسی ڈیوائس ایسے زاویے اور تصاویر پیش کرتی ہے جو کیبلز سے منسلک یا کندھوں پر موجود کیمروں سے حاصل کرنا ناممکن ہیں۔