انڈر 19 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے حریفوں پر دھاک بٹھادی

آسٹریلیا کیخلاف دوسرا وارم اپ میچ 38 رنز سے جیت لیا، بھارت ایک بار پھر ناکام


Sports Desk February 13, 2014
آسٹریلیا کیخلاف دوسرا وارم اپ میچ 38 رنز سے جیت لیا، بھارت ایک بار پھر ناکام۔ فوٹو: فائل

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز میں پاکستان نے حریفوں پر دھاک بٹھا دی، ٹیم نے گذشتہ روز آسٹریلیا کو38 رنز سے زیر کرلیا، جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن بھارت کی تیاریوں کا پول کھولتے ہوئے5 وکٹ سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق2004 اور 2006 کے عالمی چیمپئن پاکستان نے تین مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اورگذشتہ ایونٹ کی رنر اپ آسٹریلوی سائیڈ کو وارم اپ میچ میں38 رنز سے زیر کرلیا، گرین شرٹس مشکل وکٹ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے45 اوورز میں 179 رنز تک ہی پہنچ سکے، اوپنر امام الحق31،کامران غلام27،سعود شکیل24 اور حسن رضا20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،تھامس اینڈرسن نے3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ آسان ہدف کا تعاقب کرنے والی آسٹریلوی سائیڈ کو 40 رنز کا اچھا آغاز ملا، مگر بعدازاں وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایسا شروع ہوا جو 141 پر آخری بیٹسمین کے جانے سے ہی تھما، ظفر گوہر اور کرامت علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے7,17 رنز کے عوض2,2 وکٹوں کا سودا کیا، کامران غلام نے اتنے ہی شکار کرنے کیلیے24 رنز دیے، ضیا الحق اور عرفان اللہ شاہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے اوپنر کلیڈ فوٹوئن کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت دفاعی چیمپئن بھارت کو 5 وکٹ سے شکست دی، بلو شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ پر234 رنز بنائے،وجے زول 59 اور رکی بھوئی56 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، سرفراز خان نے 53 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی۔ فاتح ٹیم نے اوپنر کلیڈ فوٹوئن کے ناقابل شکست112 رنز کی بدولت ہدف 7 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔ بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 4 وکٹ سے زیر کرلیا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نیوزی لینڈ کو مات دینے میں کامیاب رہی، اسکاٹ لینڈ کیخلاف افغانستان اور زمبابوے کے مقابل یو اے ای کی ٹیم فتحیاب ہوئی۔