فکسنگ کیس میں نام آنے پر دھونی منہ چھپانے لگے

نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل شیکھر دھون کو میڈیا کے سامنے بھیج دیا


Sports Desk February 14, 2014
کٹی نامی بکی نے بھارتی کپتان کو کرپشن میں ملوث قرار دیا تھا، پولیس کی تصدیق۔ فوٹو: فائل

فکسنگ کیس میں نام آنے پر بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی منہ چھپانے لگے، نیوزی لینڈکیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل اپنی جگہ شیکھر دھون کو میڈیا کے سامنے بھیج دیا۔

ادھر پولیس نے تصدیق کی کہ کٹی نامی بکی نے واضح طور پر بھارتی کپتان کو کرپشن میں ملوث قرار دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں فکسنگ کے حوالے سے دھونی کا نام بھی سامنے آیا جس کے بعد سے وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، گذشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ سے قبل انھیں میڈیا کانفرنس کرنا تھی مگر اپنی جگہ اوپنر شیکھر دھون کو بھیج دیا، ان کے ساتھ موجود ٹیم آفیشل نے اس موقع پرمیڈیا نمائندوں سے کہا کہ وہ صرف ٹیسٹ سے متعلق سوالات کریں، اس کے باوجود ایک صحافی نے پوچھا کہ فکسنگ کی خبروں میں ٹیسٹ تیاری کیسی رہی؟

شیکھر دھون نے جواب دینے کیلیے منہ کھولا ہی تھا کہ مذکورہ آفیشل نے ان کو نہ صرف روکا بلکہ پریس کانفرنس ختم ہونے کا اعلان بھی کردیا۔یاد رہے کہ جسٹس مکل مدگال نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ سپریٹنڈنٹ آف پولیس سمپتھ کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک بکی نے فکسنگ میں دھونی کے بھی ملوث ہونے کا بتایا۔ اب سمپتھ کمار نے ایک انٹرویو میں اس کی تصدیق بھی کردی، انھوں نے کہا کہ ہم نے جعلی پاسپورٹ کے کیس میں جب کمیٹی سے پوچھ گچھ کی تو اس کے جوئے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا، اس نے بتایا کہ دھونی بھی فکسنگ میں ملوث ہے، میں نے اس بکی کا دستخط شدہ بیان کمیٹی کے سپرد کردیا جبکہ اپنے ادارے کو اس بارے میں تحقیقات کرنے کی بھی تجویز دی تھی۔