برطانوی شہزادے کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ خارج کرنیکی درخواست مسترد

ویب ڈیسک  جمعرات 13 جنوری 2022
پرنس اینڈریونے جنسی زیادتی کے الزامات کومسترد کیا ہے:فوٹو:فائل

پرنس اینڈریونے جنسی زیادتی کے الزامات کومسترد کیا ہے:فوٹو:فائل

 واشنگٹن: امریکا کی  عدالت نے برطانوی شہزادے اینڈریو کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

برطانوی میڈیا  کے مطابق درخواست مسترد ہونے کے بعد برطانیہ کے پرنس اینڈریو کو 2001  میں ورجینیا جیفری کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات پر امریکا میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پرنس اینڈریو کے وکلاء نے 2009 میں انسانی اسمگلر  جیفری ایپسٹین کے ساتھ دستخط شدہ ایک  معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو خارج کر دینا چاہیے لیکن نیویارک کے  جج  لیوس کپلن نے فیصلہ سنایا کہ کیس کی سماعت ہو سکتی ہے۔

ورجینیا جیفری نے پرنس اینڈریوپر الزام عائد کیا تھا کہ برطانوی شہزادے نے انہیں اس وقت جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ 17 سال کی تھیں اوراس سلسلے میں جیفری اپیسٹین نے مدد فراہم کی۔    ایپسٹن نے 2019 میں جیل میں خودکشی کر لی تھی۔

پرنس اینڈریو نے جنسی زیادتی کے الزامات کومستردکردیا ہے۔ امریکی عدالت کے فیصلے کے بعد 61 سالہ ڈیوک آف یارک کے خلاف کیس کی سماعت اب اس سال کے آخر میں ہو سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔