آئندہ 15 روز کے لیے 15 کریانہ آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

56کی قیمتوں میں استحکام اور4کریانہ آئٹمز کے نرخوں میں معمولی اضافہ کیا گیا


Business Reporter February 15, 2014
56کی قیمتوں میں استحکام اور4کریانہ آئٹمز کے نرخوں میں معمولی اضافہ کیا گیا، دکانداروں کو نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت۔ فوٹو: فائل

شہری حکومت نے آئندہ 15روز کیلیے شہر بھر میں فروخت کیلیے کریانہ آئٹمز کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق 28فروری تک 15 کریانہ آئٹمز کی قیمتوں میں کمی، 56کی قیمتوں میں استحکام اور 4کریانہ آئٹمز کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔

کریانہ آئٹمز کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ایڈیشنل کمشنر ٹو حاجی احمد کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر پرائس کنٹرول آصف اقبال کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ،جوڑیا بازار ہول سیل ایسوسی ایشن کے ملک ذوالفقار،مصالحہ جات ایسوسی ایشن کے عبدالقادر نورانی اور بیورو آف سپلائی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئندہ 15روز(14تا28فروری) کیلیے 75 کریانہ آئٹمز کی قیمتوں کا تعین کیا گیا جس کے مطابق دال،چینی اور گرم مصالحوں سمیت 15کریانہ آئٹمز کی قیمتوںمیں کمی، 56آئٹمز کی قیمتوں میں استحکام اور 4کریانہ آئٹمز کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں دکانوں اور ہفتہ وار بازاروں میں نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور نرخ ناموں کو نمایاں طور پر آویزاں کرنے پر عملدرآمد کرانے کیلیے متعلقہ ذمہ داران کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔