پاک بھارت میچ ٹکٹ ایک سال قبل 1 گھنٹے میں فروخت

15 فروری کو ایڈیلیڈ میں شیڈول ورلڈکپ 2015 مقابلے میں شائقین کی گہری دلچسپی


Sports Desk February 15, 2014
15 فروری کو ایڈیلیڈ میں شیڈول ورلڈکپ 2015 مقابلے میں شائقین کی گہری دلچسپی۔فوٹو:فائل

ورلڈ کپ 2015 میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹ ایک سال قبل1گھنٹے میں فروخت ہوگئے،15 فروری کو ایڈیلیڈ میں شیڈول روایتی حریفوں کے مقابلے میں شائقین گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

منتظمین نے شائقین کیلیے میچ ٹکٹس کی قیمتیں ہر ممکن حد تک کم رکھی ہیں، اس کا مقصد نئی نسل کو کھیل کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کرنا ہے۔کرائسٹ چرچ میں ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ کی ٹکٹیں بھی 'ہاٹ کیک' بنی رہیں، جس میں میزبان کیویز کا مقابلہ سری لنکا سے ہونا ہے، کرکٹ ورلڈ کپ ویب سائٹ پر عمومی ٹکٹ اور فیملی زون کے ٹکٹوں پر بے پناہ رش رہا، کیٹیگری ' اے ' ٹکٹوں کی تعداد محدود سطح پر دستیاب رہی لیکن انھیں آن لائن حاصل نہیں کیا جا سکتا، نیوزی لینڈ میں میچز کیلیے شرح قیمت بچوں کیلیے پول میچز میں 5 ڈالر رکھی گئی، اسی طرح بالغ افراد کیلیے یہ شرح 20 سے 195 ڈالر تک ہے، فائنل میں میلبورن کرکٹ گرائونڈ کیلیے ٹکٹوں کی قیمتیں 125 سے 395 ڈالرز کے درمیان ہونگی۔

دریں اثنا نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے آئندہ برس 12 فروری کو ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے شایان شان انعقاد کیلیے حکومت کی جانب سے 5 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے، انھوں نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ویلنگٹن ٹیسٹ کے آغاز پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم ورلڈ کپ کو کامیاب ایونٹ بنانے کیلیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔دوسری جانب ویلنگٹن میں سابق بھارتی کپتان گاوسکر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ آئندہ برس ورلڈ کپ میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد میزبان ممالک آئیگی، سڈنی میں آسٹریلوی پیسر پیٹ کمنز نے کہا کہ ورلڈ کپ کے ذریعے ہماری نئی نسل کو کھیل کی جانب راغب کیا جائیگا۔