نواز شریف 26 لاکھ 86 ہزار عمران خان نے ایک لاکھ 94 ہزار ٹیکس دیا

عباس آفریدی ایک کروڑ79لاکھ روپے ٹیکس ادا کرکے سرفہرست رہے ،100ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کرائے


Numainda Express February 16, 2014
فضل الرحمن نے 13 ہزار ٹیکس جمع کرایا،فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اراکین پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشواروں کی ڈائریکٹری جاری کردی۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اراکین پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشواروں کی ڈائریکٹری جاری کر دی۔

ڈائریکٹری میں درج تفصیلات کے مطابق تمام اراکین پارلیمنٹ نے اپنا این ٹی این نمبر تو حاصل کیا ہے لیکن 1172 میں 1072 ارکان نے 30 جون 2013 کو اختتام پذیر ہونے والے سال کیلیے ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کے پاس جمع کرائے جبکہ 100 ارکان نے گوشوارے ہی جمع نہیں کرائے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت کارروائی ہو گی۔ ڈائریکٹری کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے 26 لاکھ 86 ہزار 401 روپے ٹیکس جمع کرایا البتہ انھوں نے انکم سپورٹ لیوی ادا نہیں کی۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک لاکھ 94 ہزار 956 روپے ٹیکس ادا کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 8 لاکھ 24 ہزار 891 روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ انھوں نے انکم سپورٹ لیوی کی مد میں27 لاکھ ایک ہزار 786 روپے ادا کیے۔

مولانا فضل الرحمن نے 13 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا۔ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے 43 لاکھ 83 ہزار 138 روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ ان کے والد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے36 لاکھ 44 ہزار 3 روپے ٹیکس ادا کیالیکن انکم سپورٹ لیوی ادا نہیں کی۔ معروف قانون داں سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے87 لاکھ 63 ہزار691 روپے ٹیکس ادا کیالیکن انکم سپورٹ لیوی ادا نہیں کی۔ وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے 20 ہزار 959 روپے ٹیکس ادا کیا۔ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے 18 لاکھ 24 ہزار 382 روپے ٹیکس ادا کیا۔

فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عباس خان آفریدی نے سب سے زیادہ ایک کروڑ 79 لاکھ 91 ہزار 618 روپے ٹیکس ادا کیا۔ اسی طرح سینیٹر طلحہ محمود نے ایک کروڑ29 لاکھ 40 ہزار 990 روپے ٹیکس ادا کیا۔ رکن قومی اسمبلی شیخ فیاض نے ایک کروڑ ایک لاکھ 93 ہزار 128 روپے ٹیکس ادا کیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے 62 ہزار 214 روپے ٹیکس ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے3 لاکھ 494 روپے ٹیکس ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے33 ہزار 724 روپے ٹیکس ادا کیا۔ ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق خیبر پختونخوا سے رکن اسمبلی نور سلیم ملک نے ایک کروڑ 15 لاکھ 12 ہزار ٹیکس ادا کیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے 7 لاکھ 91 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔ ایک ٹی وی کے مطابق جاوید ہاشمی، طاہر مشہدی اور گل محمد لاٹ نے بھی ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے۔

مقبول خبریں