مشیر قومی سلامتی معید یوسف کی افغان وزیر خارجہ سے نتیجہ خیز ملاقات

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جنوری 2022
کابل پہنچنے پر پاکستانی وفد کا استقبال قائم مقام وزیر تجارت و صنعت نے کیا - فوٹو:ٹوئٹر

کابل پہنچنے پر پاکستانی وفد کا استقبال قائم مقام وزیر تجارت و صنعت نے کیا - فوٹو:ٹوئٹر

کابل: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کی افغان وزیر خارجہ عامر خان متقی کی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق معید یوسف کی زیر قیادت کابل پہنچنے والے وفد میں وزرا بھی شامل ہیں جو افغان حکام سے دو طرفہ تعلقات، مشترکہ مفادات اور افغانستان میں انسانی بحران کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات آگاہ کرے گا۔

افغانستان میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کابل پہنچنے پر پاکستانی وفد کا استقبال افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت و صنعت نور الدین عزیزی نے کیا جبکہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔

پاکستانی سفیر کے مطابق دورے کے سلسلے میں معید یوسف کی افغان وزیر خارجہ عامر خان متقی سے نتیجہ خیز ملاقات ہوئی جبکہ مشیر برائے قومی سلامتی انسانی و اقتصادی تعلقات میں مضبوطی اور پاکستان کے اقدامات کے حوالے سے مختلف شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی وفد کو دو روزہ دورہ افغانستان کے لیے 18 جنوری کو کابل پہنچنا تھا البتہ موسم کی خرابی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر اس دورے کو ملتوی کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔