نامعلوم شخص نے آنسو گیس بم پھینک کر فٹبال میچ روک دیا

ڈیڑھ گھنٹے تعطل کے بعد مہمان سائیڈ سیلٹا ویگو نے ویلارئیل کو 2-0 سے شکست دی


Sports Desk February 17, 2014
ڈیڑھ گھنٹے تعطل کے بعد مہمان سائیڈ سیلٹا ویگو نے ویلارئیل کو 2-0 سے شکست دی۔ فوٹو: اے ایف پی

اسپینش فٹبال لیگ میں ہفتے کی شب ویلارئیل اور سیلٹا ویگو کے میچ میں نامعلوم شخص نے آنسو گیس کا کنستر بیچ میدان میں پھینک دیا، جس پر مقابلے میں تعطل آیا، اس واقعے پر ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے والا میچ مہمان ٹیم سیلٹا ویگو نے 2-0 سے جیت لیا۔

آنسوگیس کا کنستر میدان میں پھینکے جانے کے بعد گرائونڈ میں دھواں بھر گیا اور بیشتر کھلاڑی آنکھوں سے بہنے والے آنسو صاف کرتے دیکھے گئے، اس موقع پر شائقین بھی عجلت میں اسٹیڈیم سے باہر چلے گئے،جس وقت یہ مقابلہ رکا اس وقت سیلٹا کو میزبان ویلارئیل پر 1-0 کی سبقت حاصل تھی، تاہم میچ کے اختتامی منٹ میں مہمان سائیڈ نے ایک اور گول داغ دیا، اس واقعے پر ویلارئیل کے صدر فرنانڈو روئگ کا کہنا تھا کہ پولیس آنسوگیس کا بم نما کنستر میدان میں پھینکنے والے شخص کو تلاش کررہی ہے، تاہم یہ عمومی طور پر پولیس کے زیر استعمال رہنے والی ڈیوائس سے مشابہ تھی، ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے شائقین پرسکون اور اپنی حدود میں رہتے ہیں یقینی طور پر یہ کسی باہر سے آنے والے فرد کی شرارت ہوگی۔