گینگ وار کارندے زیر تعمیر عمارت پر دستی بم پھینک کر فرار

دستی بم پھٹنے سے باپ اور بیٹی زخمی ، دھماکے سے علاقے میں خوف پھیل گیا


Staff Reporter February 11, 2022
مستقیم اورمقیم کو2018میں گرفتارکرکے نشاندہی پربڑی تعدادمیں اسلحہ برآمدکیاگیا ۔ فوٹو : فائل

لیاری چاکیواڑہ بہار کالونی گلی نمبر 12 میں لیاری گینگ وار کے کارندوں نے بھتے کے تنازعے پر زیر تعمیر عمارت پر دستی بم پھینک دیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنائی دی۔

دستی بم حملے سے علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے ، دھماکے میں راہ گیر باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے ، چاکیواڑہ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان لالہ عزیز کی زیر تعمیر بلڈنگ کے سامنے دستی بم پھینک کر فرار ہوئے تھے جس کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی 10 سالہ ایمان اور اس کا والد 50 سالہ الطاف زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذکورہ مقام کو اپنے گھیرے میں لیکر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا، بی ڈی ایس سائوتھ زون کے انچارج غلام مصطفیٰ آرائیں کے مطابق ملزمان کی جانب سے پھینکے جانے والا دستی بم RGD5 امریکی ساختہ اور اس میں 65 گرام دھماکا خیز مواد تھا ، جائے وقوعہ سے دستی بم کا لیور اور دیگر ٹکڑے ملے ہیں۔

جنھیں قبضے میں لے لیا گیا ، جس مقام پر دستی بم گرا کر پھٹا تھا وہاں پر 2 انچ گہرا اور 9 انچ چوڑا گڑھا پڑ گیا ہے ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گینگ وار کے کارندوں کی جانب سے علاقے میں زیر تعمیر عمارتوں کے مالکان سے بھتہ طلب کیا جاتا ہے اور نہ دینے پر انھیں سنگین نتائج کی بھی دھمکیاں دی جاتی ہے اور مذکورہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔