راولپنڈی کنٹونمنٹ اسپتال کے واش روم میں 2 کم سن بچیوں سے زیادتی ملزم گرفتار

ایک بچی کی عمر 9 اور دوسری کی 11 سال ہے، بچیاں آپس میں رشتے دارہیں اور غبارے فروخت کرتی ہیں، پولیس


ویب ڈیسک February 12, 2022
بچیوں کوزیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کوگرفتارکرلیا گیا:فوٹو:ایکسپریس

راولپنڈی میں کنٹونمنٹ اسپتال کے واش روم میں 2 کم سن بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا بدترین واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے کنٹونمنٹ اسپتال کے واش روم میں 2 کم سن بچیوں کے ساتھ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، ایک بچی کی عمر 9 اور دوسری کی عمر 11 سال ہے، زیادتی کا شکارہونے والی بچیاں آپس میں رشتے دارہیں اورغبارے فروخت کرتی ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں بچیوں کا ابتدائی میڈیکل ٹیسٹ کروا لیا گیا ہے، تفصیلی معائنے کے لیے بچیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا جب کہ شرمناک واقعے میں ملوث ملزم غلام مرتضی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملزم غلام مرتضیٰ مریض کے روپ میں اسپتال آیا تھا، ملزم نے اسپتال کے ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے واش روم میں بچیوں سے زیادتی کی، اسپتال میں تعینات کنٹونمنٹ ویجی لینس ملازمین نے ملزم کوپکڑا۔

کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ پولیس سے مکمل تعاون کررہا ہے، اسپتال کے ڈارک ایریاز میں مزید ویجی لینس ااسٹاف تعینات کردیا گیا ہے۔