ٹیسٹ رینکنگ کیویز نے ویسٹ انڈیز سے ساتویں پوزیشن چھین لی

میک کولم کیریئر بیسٹ 12ویں نمبر پر پہنچ گئے، مصباح کو 1 درجے ترقی مل گئی


Sports Desk February 20, 2014
ڈیل اسٹین نے فلینڈر کے ٹاپ بولنگ مقام پر قبضہ کرلیا، سعید اجمل کی تنزلی۔ فوٹو: گیٹی امیجز/فائل

بھارت کو زیر کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز سے ساتویں پوزیشن چھین لی، ٹرپل سنچری میکر برینڈن میک کولم کیریئر بیسٹ 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

مصباح الحق کو بھی بیٹھے بٹھائے ایک درجہ کی ترقی مل گئی، ڈیل اسٹین نے اپنے ہی ساتھی ورنون فلینڈر کی ٹاپ بولنگ پوزیشن پر قبضہ کرلیا، مچل جونسن کی 5 درجے ترقی سعید اجمل کو ایک نمبر پیچھے دھکیلنے کا سبب بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے بھارت کو 2 ٹیسٹ کی سیریز میں 1-0 سے زیر کیا جس کی وجہ سے اسے ایک ساتھ 5 پوائنٹس حاصل ہوئے، یوں ٹیم کے ویسٹ انڈیز کے برابر 87 پوائنٹس ہوگئے تاہم اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے کیویز رینکنگ میں ساتویں نمبر پر قبضہ پانے میں کامیاب ہوگئے، اگرچہ بھارت کی دوسری پوزیشن بچ گئی مگر پانچ پوائنٹس کی کٹوتی سے اس کا تیسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا سے صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے، جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کی صورت میں کینگروز نمبر 2 پوزیشن ہتھیا سکتے ہیں، پاکستان بدستور 100 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی بار ٹرپل سنچری کا کارنامہ انجام دینے والے برینڈن میک کولم کیریئر بیسٹ 12ویں نمبر پر پہنچ گئے جہاں تین درجے ترقی پانے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی انھیں جوائن کرلیا۔ ویلنگٹن میں ہی 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے ویرت کوہلی بھی کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین میں شامل ہوئے، وہ نویں نمبر پر موجود ہیں، میک کولم کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے ورلڈ ریکارڈ شراکت کرنے والے بریڈلی جان واٹلنگ تین درجہ ترقی کے بعد 45 ویں نمبر پر آگئے،ایک درجے خسارہ سے چتیشور پجارا ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، ٹاپ پوزیشن پر بدستور جنوبی افریقی نائب کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا قبضہ ہے، ایک درجہ بہتری سے مصباح الحق چھٹے نمبر پر آگئے تاہم یونس بدستور دسویں پر موجود ہیں۔بولرز میں ڈیل اسٹین نے فلینڈر سے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی، مچل جونسن کو ایک ساتھ 5 درجے ترقی ملی جس سے وہ سعید اجمل کو پانچویں نمبر پر دھکیل کر خود چوتھے پر آگئے، ایک درجہ ترقی سے عبدالرحمان 13 ویں اور جنید خان 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔