یکم مارچ سے دودھ کی فی لیٹر قیمت 170 روپے ہونے کا امکان

پہلے مرحلے میں 30 روپے جبکہ دوسرا اضافہ حالات کے مطابق رمضان کے بعد کیا جائے گا، ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن


ویب ڈیسک February 24, 2022
انہوں نے کہا کہ حکومت سیلز ٹیکس واپس لے تو یہ اضافہ بڑی حد تک کم ہوسکتا ہے—فائل فوٹو

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن (ڈی سی ایف اے) کے صدر شاکر عمر گجر نے فارم گیٹ پر دودھ کی قیمتوں کا تخمینہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ ہوگا جبکہ دوسرا اضافہ وقت اور حالات کے مطابق رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا، نئی قیمت یکم مارچ سے نافذ العمل ہوگی جو 170 روپے فی لیٹر ہوگی۔

ڈی سی ایف اے کے صدر کے مطابق فارم گیٹ پر دودھ کی فی لیٹر پیداواری لاگت 177.70 روپے اور 17.77 روپے نفع کے ساتھ 195 روپے فی لیٹر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فی لیٹر کرایہ، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کا نفع شامل کرکے 220 روپے فی لیٹر ہوگا جبکہ دودھ کی نئی قیمتوں کا اعلان 25 فروری کو دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔

صدر ڈی سی ایف اے نے خدشہ ظاہر کیا کہ قیمتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اس سال کے آخر تک قیمت 225 روپے فی لیٹر تک جاسکتی ہے۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ منسٹری آف کامرس اگر ضروری اجناس کی ایکسپورٹ پر پابندی اور ان پٹس پر سے 17 فیصد سیلز ٹیکس واپس لے تو یہ اضافہ بڑی حد تک کم ہوسکتا ہے۔