بزمِ سائنسی ادب کی ماہانہ نشست میں سائنس اور کورونا وائرس کا احوال پیش کیا گیا

ادب و سائنس کی انجمن میں شرکا نے اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی اہمیت اور پر بھی زور دیا


ویب ڈیسک February 28, 2022
بزمِ سائنسی ادب پاکستان میں ادب کے ذریعے سائنس کے فروغ کی سب سے اہم اور مؤثر انجنمن بھی ہے جس کی اہم تقریب 26 فروری کو منعقد کی گئی۔ تصویر: ذئشان عدیل

پاکستان میں کئی عشروں سے جاری بزمِ سائنسی ادب کی دوسواکیانوے ویں ماہانہ نشست ہفتہ 26 فروری کو کراچی میں واقع سلیم الزماں صدیقی سائنس سینٹر میں منعقد ہوئی۔

بزم کی نظامت کے فرائض جناب صلاح الدین غازی نے انجام دیئے اور مہمانِ خصوصی ملک کے ممتاز سائنسداں، سابق سربراہ سپارکو اور ممتاز شاعر ظفرمحمد خان ظفر تھے۔

تلاوتِ کلامِ پاک کی منظوم ترجمانی کے بعد پاکستانی میں سمندری مرجانی چٹانوں (مونگوں) پر ممتاز محقق اور جامعہ کراچی میں انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنسس کے ویزیٹنگ ریسرچر ڈاکٹر عابد رضا نے کووڈ 19 وبا کے تناظر میں کورونا وائرس کی مکمل تاریخ کو کم وقت میں پیش کیا۔ انہوں نےشرکا کو بتایا کہ تاریخی لحاظ سے یہ وائرس ایک طویل عرصے سے موجود ہیں لیکن ذرائع ابلاغ نے غلط انداز میں اسے خوف اور ہراسانی پھیلانے کے لیے استعمال کیا ہے۔

پاکستانی سائنسی صحافی جناب سہیل یوسف نے اسلامی دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کے ماضی، حال اور مستقبل پر اپنی گفتگو میں کہا کہ اس وقت دنیا کی سو بہترین جامعات میں ایک کا بھی تعلق اسلامی دنیا سے نہیں ہے۔ انہوں کہا کہ اسلام ممالک کو نہ صرف اپنا سائنسی نیٹ ورک مضبوط کرنا ہوگا بلکہ ترقی یافتہ ممالک سے سیکھتے ہوئے ان کے تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا۔



انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں سائنس کی تدریس کو بنیادی جماعتوں سے بہتر بنانا ہوگا جہاں بچوں کو ہر قسم کے سوالات کرنے کی مکمل آزادی بھی ضروری ہے۔

ماہنامہ سائنس ڈائجسٹ کے مدیر اور ممتاز سائنسی صحافی رضی الدین خان نے کہا کہ اسلامی دنیا میں مشرقِ وسطیٰ کے امیر ممالک بھی شامل ہیں۔ ضروری ہے کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی پر اہمیت دیں اور اس کے فروغ کے لیے خاص پروگرام اور منصوبے بھی بنائیں۔

آخر میں مہمانِ خصوصی ممتاز سائنسداں اور شاعر ظفرمحمد خاں ظفر نے بزم میں پڑھے جانے والی نگارشات پر اپنی گفتگو کی۔

واضح رہے کہ بزمِ سائنسی اداب کا سلسلہ گزشتہ 290 ماہ سے جاری ہے جس کے بانی پاکستان کے ممتاز سائنسی صحافی عظمت علی خان تھے ۔ بزم کے پلیٹ فارم سے سائنس و ٹیکنالوجی کے ان گنت موضوعات پر عام فہم انداز لیکن ادبی پیرائے میں سائنسی شاعری، سائنسی ہائیکو، مضامین، سائنسی افسانے اور انشائیے پیش کئے جاتے ہیں۔

مقبول خبریں