ابھی تک رمضان ٹرانسمیشن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا،عامر لیاقت

ویب ڈیسک  اتوار 6 مارچ 2022
دانیہ شاہ مکمل طور پر گھریلو خاتون ہے ، عامر لیاقت حسین فوٹو سوشل میڈیا

دانیہ شاہ مکمل طور پر گھریلو خاتون ہے ، عامر لیاقت حسین فوٹو سوشل میڈیا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، ممبر قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے ابھی تک رمضان ٹرانسمیشن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔

دو روز قبل پاکستان کے مشہور فیشن میگزین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خبر شیئر کی تھی کہ رواں سال عامر لیاقت حسین اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت تیسری بیوی دانیہ شاہ کیساتھ رمضان ٹرانسمیشن کریں گے

عامر لیاقت حسین نے بھی یہ خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرائی تھی جس سے ظاہر ہورہا تھا کہ رکن قومی اسمبلی اس بار اپنی نئی بیوی کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کریں گے۔ تاہم گزشتہ روز عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کرنے کی تردید کردی۔

عامر لیاقت نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان شو کرنے کی خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا وہ (دانیہ شاہ) مکمل طور پر گھریلو خاتون ہے اور کوئی ٹرانسمیشن نہیں کریں گی۔ ہاں وہ میرے ساتھ سیٹ پر ہوں گی لیکن اسکرین پر نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا صارفین عامر لیاقت کو پاکستان کا سلمان خان کیوں کہہ رہے ہیں؟

عامر لیاقت نے مزید کہا تاہم میں نے ابھی تک ٹرانسمیشن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا کیونکہ میں ایک بین الاقوامی اینی میٹڈ فلم کررہا ہوں جس کی ڈبنگ کی تاریخیں اپریل میں ہیں۔ چیزیں ابھی عمل میں ہیں، اسلیے افواہوں سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل عامر لیاقت نے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں دانیہ شاہ کو رمضان ٹرانسمیشن میں اپنے ساتھ لے کر آؤں گا اور اسے شوبز میں بھی متعارف کرواؤں گا۔ سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کی خبر پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔