مسافر کو دل کا دورہ پڑنے پرٹورنٹو جانیوالی پرواز میڈیکل گراؤنڈ پر دوبارہ اتار لی گئی

آفتاب خان  بدھ 9 مارچ 2022
طیارے کی لینڈنگ سے قبل ایک لاکھ کلواضافی ایندھن جہاز کے ٹینکس سے فضامیں گرایا گیا۔ فوٹو: فائل

طیارے کی لینڈنگ سے قبل ایک لاکھ کلواضافی ایندھن جہاز کے ٹینکس سے فضامیں گرایا گیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پی آئی اے کی جناح ٹرمینل سے ٹورنٹو جانے والی پرواز کے مسافر کو روانگی کے بعد دل کا دورہ پڑنے پر طیارے کو میڈیکل گراؤنڈ پر دوبارہ اتاراگیا۔

ذرائع کے مطابق منگل کی صبح 11:40 پر پی آئی اے کی کراچی سے ٹورنٹو کی پرواز پی کے 783 میں روانگی کے ایک گھنٹے بعد مسافر 33 سالہ کینیڈین شہری سید وصی کو دل کا دورہ پڑا جس کی بناپر پائلٹ کے مسافر کی خراب طبیعت کے باعث پرواز واپس کراچی لانے کا فیصلہ کیا،اس تناظر میں جناح ٹرمینل پرطبی امداد فراہم کرنے سے متعلق انتظامات کیے گئے۔

پی آئی اے کی پرواز نے پونے ایک بجے دوبارہ کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کیاجہاز میں دل کا دورہ پڑنے والے مسافرکو ابتدائی طبی امداد کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ اسپتال روانہ کیا گیا،ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

ذرائع کے مطابق طیارے کو لینڈنگ سے پہلے طیارے کے فیول ٹینکس سے اضافی ایندھن پھینکنا پڑا،بوئنگ 777 طیارے نے لینڈنگ سے قبل ایک لاکھ کلو ایندھن فضا میں پھینکا گیالینڈنگ سے پہلے پھینکے گئے ایندھن کی مالیت ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔