فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 16فیصد اضافہ

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں گیس سے بجلی کی پیداوار میں 12فیصد کمی ریکارڈ کی گئی


Business Reporter February 24, 2014
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں گیس سے بجلی کی پیداوار میں 12فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 16 فیصد اضافہ جبکہ گیس سے بجلی کی پیداوار میں 12فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

حکومت کی جانب سے سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی کے سبب چھ ماہ کے دوران بجلی کی پیداوار میں قدرے بہتری آئی ہے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے دسمبر کے دوران بجلی کی پیداوار گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.8فیصد اضافے سے8533گیگا ہرٹس ماہانہ رہی گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں بجلی کی ماہانہ پیداوار 8063 گیگا ہرٹس رہی تھی۔

فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 2642 گیگا ہرٹس سے بڑھ کر 3073گیگا ہرٹ ماہانہ تک پہنچ گئی جس سے انرجی مکس میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 33فیصد سے بڑھ کر 36فیصد تک آگیا سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی سے قبل انرجی مکس میں تھرل پاور کا تناسب کم ہوکر 30فیصد کی سطح پر آگیا تھا۔ دوسری جانب قدرتی گیس کی قلت کے سبب بجلی کی پیداوار کے دوسرے بڑے ذریعے میں بھی کمی کا سامنا ہے چھ ماہ کے دوران گیس سے بجلی کی پیداوار 12فیصد کمی سے 1569 گیگا ہرٹس ماہانہ رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 1785 گیگاہرٹس ماہانہ رہی تھی چھ ماہ کے دوران قومی سطح پر گیس کی پیداوار میں 2.4فیصد کمی واقع ہوئی۔ ہائیڈل پاور کی پیداوار 8فیصد اضافے سے 3198گیگا ہرٹس رہی۔ گزشتہ سال 2972گیگا ہرٹ رہی تھی۔