بینکوں کے ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کیلیے ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

چیف کمشنرایل ٹی یواسلام آباد اور آرٹی اوراولپنڈی کو2 افسر،انسپکٹرزوآڈیٹرز نامزد کرنے کی ہدایت.


Irshad Ansari February 25, 2014
شیڈول بینکوں کی اہم برانچز کے آڈٹ سے 17ارب روپے کا اضافی ریونیوحاصل ہو گا،دستاویز . فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) نے بینکوں سے 17ارب روپے کے ود ہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کیلیے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکس حکام پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ود ہولڈنگ ٹیکس کی طرف سے چیف کمشنر لارج ٹیکس پیئر یونٹ اسلام آباد اورچیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی کو لیٹر لکھا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ادارے سے بینکوں کے آڈٹ کیلیے اچھی ساکھ کے حامل 2 افسران، انسپکٹرز اور آڈیٹرز کو نامزد کریں۔

چیئرمین ایف بی آر بینکوں کے آڈٹ کیلیے ایک ہفتے کے دوران مشترکہ ٹیم تشکیل دینا چاہتے ہیں، چیئرمین ایف بی آر چاہتے ہیں کہ تمام شیڈول بینکوں کی اہم برانچز کا ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کے حوالے سے ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کیا جائے۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ بینکنگ سیکٹر کے تجزیے سے حاصل ہونیوالی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شیڈول بینکوں کی اہم برانچز کے ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ سے محتاط اندازے کے مطابق 17ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔

مقبول خبریں