کیمرون نے تاریخ میں تیسری بار برطانوی کابینہ کا اجلاس اسکاٹ لینڈ میں طلب کر لیا

ڈیوڈ کیمرون نے دونوں ریاستوں کے ایک دوسرے سے علیحدگی کے خطرہ کے پیش نظرکابینہ کا ا جلاس اسکاٹ لینڈ میں طلب کیا


APP February 25, 2014
ڈیوڈ کیمرون نے دونوں ریاستوں کے ایک دوسرے سے علیحدگی کے خطرہ کے پیش نظرکابینہ کا ا جلاس اسکاٹ لینڈ میں طلب کیا۔ فوٹو : اے ایف پی

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے تاریخ میں تیسری بار کابینہ کا اجلاس اسکاٹ لینڈ میں طلب کیا ہے۔

جس میں انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے ریفرنڈم کی کامیابی کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق رواں سال ستمبر میں انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ ریاستوں کے انضمام یا آزادی کا فیصلہ کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے دونوں ریاستوں کے ایک دوسرے سے علیحدگی کے خطرہ کے پیش نظرکابینہ کا ا جلاس اسکاٹ لینڈ میں طلب کیا ہے۔ سیاسی اور عوامی حلقوں کی نگاہیں کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر ہیں۔

حکومت نے تیل سے مالا مال علاقے اسکاٹ لینڈ میں توانائی انڈسٹری کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے معاشی استحکام آئے گا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔آن لائن کے مطابق وزیراعظم کیمرون نے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈکو برطانیہ کا حصہ رہنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ شمالی سمندر میں گیس اور تیل سے معاشی فوائد کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ٹیکس آمدن کوسہارا دینے کے ساتھ ساتھ درآمد انرجی پر انحصار کم کیا جائیگا، اسکاٹ لینڈ کے شہریوں کو307سالہ شراکت داری کومزید قائم رکھنے پرترغیب دی جائے گی۔