ایران پرپابندیوں کااطلاق گیس لائن پربھی ہوتاہےمنصوبہ آگے نہیں بڑھ سکتاشاہد خاقان

جب تک یہ پابندیاں برقراررہیں گی یہ منصوبہ آگے نہیں بڑھ سکتا ،وفاقی وزیر پیٹرولیم


Numainda Express February 25, 2014
جب تک یہ پابندیاں برقراررہیں گی یہ منصوبہ آگے نہیں بڑھ سکتا ،وفاقی وزیر پیٹرولیم۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا ہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کا اطلاق پاک ایران گیس پائپ لائن پربھی ہوتا ہے۔

جب تک یہ پابندیاں برقراررہیں گی یہ منصوبہ آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جوابات دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کے بعد تین سال کے اندر اندر گیس پائپ لائن بچھا دی جائے گی۔ حکومت ملک میں پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق تعلیم کے فروغ کیلئے پٹرولیم یونیورسٹی قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ قطر سے گیس کے حصول کیلئے حکومتی سطح پر بات ہو رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر لیوی 9 روپے 40 پیسے اور جی ایس ٹی 17 فیصد حاصل کی جا رہی ہے۔

ڈیلرز کا منافع 2 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہے۔ رواں سال کے دوران 3 لاکھ صارفین کو نئے گیس کنکشن دیے جائیں گے جبکہ 25 ہزار فیس کے ساتھ 30 ہزار ارجنٹ کنکشن بھی دیے جائیں گے، سینڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ کا چین سے معاہدہ 2017ء میں مکمل ہو گا۔