جن کا کام نلکے میں پانی دینا ہے وہی ٹینکرز چلا رہے ہیں، وفاقی وزیر

جب کاروبار کا حجم اربوں روپے تک جا پہنچے تو وہ کیسے چاہیں گے پانی نلکوں میں آئے، سید مصطفیٰ کمال


ویب ڈیسک September 21, 2026

کراچی:

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ منشیات بیچنے والوں نے اپنا کاروبار بند کرکے پانی کا کام شروع کردیا ہے کیونکہ اُس میں پکڑے جاتے تھے لیکن اس کام میں سینیٹر بن جاتے ہیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جن لوگوں کا ٹینکرز کا کاروبار اربوں کا ہوگیا وہ کیسے چاہیں گے کہ پانی نلکوں میں آئے۔ جن کے ہاتھ میں ہے پانی نلکوں میں دینا اور وہی ٹینکر چلا رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ٹینکرز کا کام کوئی غریب آدمی، ٹھیلے والا یا پان کی دکان والا نہیں کررہا یہ سب اشرافیہ کے ٹینکر چل رہے ہیں، کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے کہ ہم لوگ کیوں تباہ و برباد ہورہے ہیں، ہمیں پتا ہے ہم کیوں تباہ و برباد ہورہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے دور میں ورلڈ اکنامک فورم نے کراچی کو دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل کیا تھا لیکن آج دنیا کے بدترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔