کراچی فائرنگ اور تشد د جاری مزید7افراد ہلاک2لاشیں ملیں

گلشن میں میڈیکل اسٹورمالک، مومن آباد میں نوجوان قتل،مختلف علاقوں میں فائرنگ


Staff Reporter February 25, 2014
سولجر بازار میں ایرانی قونصلیٹ کے آغا سلیمان قتل،شاگرد زخمی، بہار کالونی میں آپریشن فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں7 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 افراد کی لاشیں ملیں۔

عزیز بھٹی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13-A میں میڈیکل اسٹور پر مسلح ملزم کی فائرنگ سے ایک ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں باآسانی کامیاب ہوگیا، دونوں کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال لے جایا گیا، عزیز بھٹی پولیس کے مطابق واقعے میں میڈیکل اسٹور کا مالک 27سالہ شمس الزماں موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ شدید زخمی ہونے والا 30 سالہ ساجد ولد عبدالشکور بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، دونوں گلشن اقبال کے ہی رہائشی تھے، پولیس نے واقعے کو ڈکیتی میں مزاحمت کا شاخسانہ قرار دیاہے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے چشتی نگر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ شاہد ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او اقبال مارکیٹ تصدیق وارث نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول علاقے کا رہائشی اور زری کا کام کرتا تھا۔ اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ سرور عباس ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او مومن آباد احمد بٹ نے بتایا کہ سیکٹر الیون ایل کی مارکیٹ میں سرور عباس اپنی والدہ کے ہمراہ خریداری میں مصروف تھا کہ گوشت کی دکان پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، مقتول گارمنٹس کے کاروبار سے منسلک تھا۔ پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے نیچے سے 2 افراد کی لاشیں ملیں، مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دریں اثنا نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مومن آباد کے علاقے فرید کالونی میں30 سالہ زبیر حسن شاہ، ماڑی پور میں23 سالہ شکیل زخمی ہوگیا۔ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں فائرنگ سے 35 سالہ رخسانہ زوجہ شیر علی اور 30 سالہ خرم زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس و رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں داخل ہوگئی اور چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

مقبول خبریں