پاکستان اور افغانستان اقتصادی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کیلیے اقدامات کریں گے مشترکہ اعلا?

وسطی اورجنوبی ایشیا کےدرمیان بجلی کی ترسیل اورتجارت کےپروجیکٹ کاسااور تاپی گیس پائپ لائن پروجیکٹ پر عملدرآمد کا فیصلہ


Numainda Express February 25, 2014
کنڑ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر مل کر کام کیا جائے گا،2روزہ پاک افغان اقتصادی کمیشن کا اجلاس اختتام پذیرہوگیا۔فوٹو:این این آئی

پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا 9 واں اجلاس کابل میں اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

دونوں ملکوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اقتصادی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن واستحکام کے حصول کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق وفود کی سربراہی وزیر خزانہ اسحق ڈار اور ان کے افغان ہم منصب ڈاکٹر عمر زاخیلوال نے کی۔ کمیشن کے اجلاس میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان بجلی کی ترسیل اور تجارت کے پروجیکٹ (کاسا 1000 )اور ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت گیس پائپ لائن پروجیکٹ پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار اور عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں وفود نے عزم کا اعادہ کیا کہ ان اہم منصوبوں کو تکمیل تک پہنچانے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ اس بات سے اتفاق کیاگیا کہ کنڑ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر مل کر کام کیا جائے اور اس سلسلے میں دوطرفہ تعاون کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔

فریقین نے رضا مندی ظاہر کی کہ افغانستان، پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے حوالے سے کابل نے جو معاملات اٹھائے ہیں ان پر پاکستان غور کرے گا، اس معاملے پر مارچ کے اواخر میں کسٹم ماہرین کی ملاقات میں غور کیا جائے گا۔ پاکستانی وفد نے افغانستان میں شروع کردہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھانے اور اس سلسلے میں مالی تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا، پاکستانی وفد نے افغان حکام کے ساتھ دہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے کے نئے مسودے پر بھی بات کی، اس کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیاگیا۔ اسحق ڈار نے باہمی تجارت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی ٹرانزٹ ٹریڈ کو تاجکستان تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے افغان صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کی۔

مقبول خبریں