عمران نے موقف نہیں بدلاپارٹی پالیسی کااظہارکیاشاہ محمود

مذاکرات اورکارروائی ساتھ ساتھ چلیں گے، کائرہ،آپریشن مسائل کاحل نہیں، نعیم الرحمن


Monitoring Desk February 25, 2014
عمران خان نے ٹارگٹڈ آپریشن کی بات حکمت عملی کے تحت کی ہے،رہنما پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنا موقف تبدیل نہیں کیا انھوں نے تحریک انصاف کی پالیسی کوہی آگے بڑھایا ہے۔

دہشتگردی کیخلاف پی ٹی آئی کی پالیسی کا اظہا رکیا ہے۔ ایکسپریس نیو زکے پروگرام ''ٹودی پوائنٹ'' میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹارگٹڈ آپریشن کی بات حکمت عملی کے تحت کی ہے، یہ کارروائی ان کے خلاف ہونی چاہیے جو مذاکرات پر آمادہ نہیں ہیں۔ چوہدری نثارکچھ کہتے ہیں اورپرویز رشیدکچھ کہہ رہے ہیں۔ ہم مذاکرات کے حامی ہیں، جب تک سیز فائر نہیں ہوتا مذاکرات کا ماحول پیدا ہی نہیں ہوسکتا نتائج نہیں نکلیں گے۔اس وقت حکومت کے اندر بھی دو آرا ہیں ۔ ہم نے ڈرون حملوں کے خلاف ماحول بنایا احتجاج کیا جس کی وجہ سے ڈرون حملے رک گئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے سستی کی لیکن جوہوا سو ہوا اب حکومت نے ایک فیصلہ کیا ہے تو ٹھیک ہے۔

ہمیں ملکی سلامتی کے فیصلے پرحکومت کے ساتھ ہونا چاہیے۔ مذاکرات اور کارروائی ساتھ ساتھ چلیں گی۔ طالبان کارروائیاں کرتے رہیں اور ہم صرف مذاکرات کی اپیلیں تو یہ رویہ درست نہیں ہے۔ رہنما جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دہشتگردی چاہے کوئی بھی کرے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے۔کہاجاتا ہے کہ سوات اور جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے حالات ٹھیک ہوگئے ہیں تو پھر وہاں فوجی چوکیاں کیوں ہیں۔ حکومتوں کا کام تحفظ دینا ہے جنگ کرنا نہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ یہ درست ہے کہ فیصلے کا وقت آ گیا ہے لیکن آپریشن کے معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہوگا ۔

مقبول خبریں