لاہور:
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ جعلی ووٹنگ کی ویڈیو سامنے لاتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں پر سرعام مہریں لگانے کا الزام عائد کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق ویڈیو میں مرکزی مسلم لیگ کے لوگ الیکشن کمیشن کے عملے کے سامنے سرعام مہریں لگاتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے پولنگ ایجنٹس بھی ویڈیو میں موجود ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قاضی ابراہیم گجر کے لوگ سرعام انتخابی نشان کرسی پر مہریں لگا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ کے لوگ سرعام مہریں لگاتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔
دریں اثنا صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے کنٹرول روم انچارج نے این اے 77 گوجرانوالہ میں اراکین اسمبلی کی موجودگی کا سخت نوٹس لے لیا۔
انچارج مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم کی جانب سے سی پی او، ڈی آر او اور آر او گوجرانوالہ کو مراسلہ جاری کردیا گیا، جس میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق پولنگ کے روز اراکین اسمبلی کا غیر متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ ضابطہ اخلاق کے پیرا 48 کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پانچ ارکانِ پارلیمنٹ کو نوٹس جاری کردیے گئے۔