پنجاب کے شہر بھکر کے نواحی علاقے چک نمبر 35 ایم ایل جنڈنوالہ میں اندھے قتل کا سراغ لگا لیا گیا، جہاں پانچ بچوں کی ماں 32 سالہ حمیرا کو تیز دھار آلے سے گردن کاٹ کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کا زمیندار شوہر ندیم ہی اس کا قاتل نکلا، جس نے قتل چھپانے کے لیے ڈکیتی اور قتل کا ڈرامہ رچایا۔
بھکر پولیس کے مطابق ملزم شوہر نے خود ہی 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی اور جنازے میں دھاڑیں مار کر روتا رہا۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر زمیندار شوہر کو حراست میں لیا۔
ڈی پی او شاہد احمد خان کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے تمام حقائق بتاتے ہوئے اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم نے بیوی کو گھریلو ناچاقی پر قتل کرنے کا اعتراف کیا، جبکہ اس کی نشاندہی پر آلہ قتل تیز دھار چھرا بھی برآمد کرلیا گیا۔
ڈی پی او شاہد احمد خان کا کہنا ہے کہ بھکر پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر اصل قاتل کو بے نقاب کیا ہے، ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔