پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر 18 اپوزیشن ارکان کی رکنیت معطلی پر غور

ویب ڈیسک  منگل 5 اپريل 2022
کمیٹی آج شام اپنی رپورٹ اسپیکر کو پیش کر دے گی، ذرائع۔ فوٹو:فائل

کمیٹی آج شام اپنی رپورٹ اسپیکر کو پیش کر دے گی، ذرائع۔ فوٹو:فائل

 لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب اور ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن کے 18 افراد کی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق رانا مشہود احمد، طاہر خلیل سندھو، خواجہ سلمان رفیق، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ، عنیزہ فاطمہ اور دیگر افراد کی اسمبلی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر گزشتہ روز انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر گزشتہ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی اپنی رپورٹ دے گی۔

اسپیکر کی ہدایت پر بننے والی دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی میں اسپیشل سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور شامل ہیں۔

کمیٹی ایوان اور اسمبلی کی لابی میں توڑ پھوڑ کرنے والے اپوزیشن کے ارکان کو معطل کرنے کی سفارش کر سکتی ہے، کمیٹی آج شام اپنی رپورٹ اسپیکر کو پیش کر دے گی۔

واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ماضی میں اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے پر ن لیگ کے 6 ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کر چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔