عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا پیشگی اعلان کردیا شہباز شریف

اقتدار سے چمٹنے والا شخص خوددار نہیں ہوتا، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک April 09, 2022
—فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم جھوٹ نہ بولیں خط عوام کو دکھائیں۔

وزیر اعظم کے خطاب پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اقتدار سے چمٹنے والا شخص خوددار نہیں ہوتا، صرف خود غرض ہوتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپنے کھوئے ہوئے اقتدار کے غم میں عمران نیازی نے پارلیمنٹ، آئین، عدالت پر حملے کر رہا ہے، عمران نیازی نے کل کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا آج پیشگی اعلان کردیا ہے۔ عمران نیازی خط کے معاملے پر جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں، عوام کو بھیڑ بکریاں نہ سمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تمام شواہد دیکھنے کے بعد ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا، مہنگائی، بےروزگاری، بھوک، افلاس، نفرت پھیلانے والے عوام میں شوق سے جائیں۔

قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ عمران نیازی آرٹی ایس سے اقتدار میں آئے تھے، عوام نے انہیں مسترد کیا تھا۔ پارلیمنٹ، عدالت، حکومت، سیاست میں ہارنے کے بعدذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ اتحادی اور عوام آپ کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا بوجھ مزید اٹھانے کو تیار نہیں، عمران نیازی آئین کے مطابق عدم اعتماد کا مقابلہ کریں۔ جھوٹ کا جواب کل پارلیمنٹ ہاﺅس میں ووٹنگ کی شکل میں دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے آئین، پارلیمنٹ اور عوام کو ایک شخص کی ضد، تکبر اور دھونس کا یرغمال نہیں بننے دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے