سول اسپتال؛ مریضوں کو ٹیسٹ کرانے کیلیے نجی لیبارٹریز بھیجا جانے لگا

دعا عباس  اتوار 10 اپريل 2022
اسپتال میں موجود تمام ٹیسٹ کی سہولت مہیا کی گئی ہیں، بجٹ کے حوالے بھی پریشانی نہیں ہے،ایم ایس ڈاکٹر روبینہ بشیر۔ فوٹو: فائل

اسپتال میں موجود تمام ٹیسٹ کی سہولت مہیا کی گئی ہیں، بجٹ کے حوالے بھی پریشانی نہیں ہے،ایم ایس ڈاکٹر روبینہ بشیر۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈاکٹر روتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال میں مریضوں کو ٹیسٹ کرانے کے لیے پرائیویٹ لیبارٹریز بھیجا جارہا ہے جب کہ اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ روبینہ بشیر نے ان مسائل سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر روتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی اور علاج کے متعلق عدم توجہ کے باعث مختلف مسائل میں اضافہ ہونے لگا، اسپتال میں مریضوں کو کافی دیر فارمیسی کی قطار میں کھڑے رہنے کے بعد آگاہ کیا جاتا ہے کہ ان کو تجویز کردہ ادویات تاہم دستیاب نہیں کی جاسکتیں ہیں۔

صوبے بھر کے مختلف اضلاع سے علاج کی غرض سے آئے مریض سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہونے کے باوجود ادویات باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں،ڈاکٹر روتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کے شعبہ او پی ڈی میں قائم فارمیسی میں مریضوں کو مطلوبہ ادویات مہیا نہیں کی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ سول اسپتال میں مفت علاج کی غرض سے آئے مریضوں کو بیماری کی تشخیص کے ٹیسٹ کے لیے پرائیویٹ لیبارٹریز کی تجویز کی جارہی ہے جس کے باعث مجبوری کے تحت مریض پرائیویٹ لیبارٹریز سے مہنگی قیمتوں پر ٹیسٹ کرارہے ہیں۔

اس حوالے سے سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے مریضوں کی جانب سے کہا گیا کہ فارمیسی میں ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات کی عدم فراہمی کے باعث مہنگی قیمتوں پر دوائیں خریدنے اور پرائیویٹ لیبارٹریز سے ٹیسٹ کراتے ہیں۔

مریضوں کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کو اپیل کی گئی کہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو دوائیں فراہم کی جائیں،تمام ٹیسٹ کے انتظامات اسپتال میں ہی کیے جائیں کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں سرکاری اسپتالوں میں مریض آتے ہی مفت علاج کی غرض سے ہیں۔

ڈاکٹر روتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روبینہ بشیر نے کہا کہ مریضوں کو پرائیویٹ لیبارٹریز بھیجنے والے افراد سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہوں،مریضوں کو ہمارے اسپتال میں موجود تمام ٹیسٹ کی سہولت مہیا کی گئی ہیں،اکثر اس طرح کے انکشاف کیے جاتے ہیں مریضوں کی جانب سے مگر وہ تمام جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں،اسپتال کی انتظامیہ کو بجٹ کے حوالے بھی پریشانی نہیں ہے،انتظامیہ تمام ادویات مہیا کرتی ہے مریضوں کو اگر کوئی دوا موجود نہیں ہوتی تو ہماری جانب سے متبادل دوا فراہم کی جاتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔