ملک کا نیا وزیراعظم کون قومی اسمبلی میں انتخاب آج ہوگا

متحدہ اپوزیشن نے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کیا ہے


ویب ڈیسک April 11, 2022
وزیراعظم منتخب ہونے کے لئےامیدوارکا172ووٹ حاصل کرنا ضروی ہے:فوٹو:فائل

کراچی: پاکستان کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج ہوگا، قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کیلیے متحدہ اپوزیشن نے شہباز شریف کو متفقہ امیدوار نامزد کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو مقابلے کے لیے میدان میں اتارا ہے۔

انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی دوپہر 2 بجے تک جمع کرائے گئے، شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی نے قانونی ضابطے پورے کر کے اپنے اپنے کاغذات جمع کرائے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا اور انہیں مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کو مقدمات کا سامنا ہے، ایسے میں وہ قائد ایوان منتخب نہیں ہوسکتا، اُن کے اعتراض کو مسترد کردیا گیا۔ بعد ازاں کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد دوپہر تین بجے تک اسکروٹنی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: متحدہ اپوزیشن کا قائد ایوان کے لیے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان

قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام اراکین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور پھر کامیاب ہونے والا امیدوار رات 8 بجے وزیراعظم کا حلف اٹھائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کردیا ہے، جس کے مطابق ایوان کی کارروائی کے دوران قائد ایوان کا انتخاب ہوگا، میاں شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی وزیراعظم بننے کی دوڑ میں آمنے سامنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار کی کسی بھی جماعت نے سپورٹ نہیں کی اور منحرف اراکین بھی اپوزیشن کے امیدوار کے حامی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی منظور

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میںعمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، جس کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے طلب کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں