سری لنکا کے ابتر حالات کرکٹ کا میلہ نہیں اُجاڑیں گے

عباس رضا  بدھ 13 اپريل 2022
 سیریز سے قبل تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا،آف سیزن میں کھلاڑیوں کی انفرادی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ فوٹو : فائل

سیریز سے قبل تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا،آف سیزن میں کھلاڑیوں کی انفرادی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  سری لنکا کے ابتر حالات کرکٹ کا میلہ نہیں اجاڑیں گے۔

سری لنکا میں سیاسی اور معاشی صورتحال خراب ہونے کے بعد عوام ناراض ہے، فارن کرنسی کی قلت کے سبب حکومت گیس اور پیٹرولیم کے بل تک نہیں ادا کرپارہی،بجلی کی 8سے 12گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ اور ملک گیر احتجاج جاری ہیں،اس غیر مستحکم صورتحال میں سری لنکا میں اگست، ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کے انعقاد کا معاملہ آئی سی سی اجلاس میں اراکین کے زیر غور رہا۔

اگرچہ کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا مگر سری لنکا کا دورہ کرنے والے دیگر ملکوں میں تشویش کی لہر موجود ہے،آسٹریلیا کی ٹیم کو 8جون سے 12جولائی تک 2ٹیسٹ،5ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں،پاکستان ٹیم نے جون میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرنا ہے۔

راولپنڈی میں آئی سی سی ورلڈسپر لیگ کے 3میچز کے بعد پاکستان ٹیم کی اگلی مصروفیت سری لنکا میں ہوگی، جولائی اور اگست میں 2ٹیسٹ اور 3ون ڈے میچ کھیل جائیں گے،موجودہ حالات کے باوجود سری لنکن بورڈ انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کیلیے پْر امید ہے۔

گزشتہ دنوں بورڈ نے سابق کرکٹر کرس سلور ووڈ کی بطور ہیڈ کوچ خدمات حاصل کرلی ہیں، ان کو 2سال کیلیے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، سلور ووڈ نے مکی آرتھر کا خلا پْر کیا، اس وقت آسٹریلیا کی ایک ایڈوانس ٹیم بھی سری لنکا پر ہے،سلور ووڈ کی پہلی آزمائش 15مئی سے شروع ہونے والا دورہ بنگلادیش ہوگا،اس کے بعد ہوم سیریز کی تیاریاں شروع ہوں گی۔

سری لنکا میں سیاسی اور معاشی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ٹیم کے دورے کو لاحق خطرات کے سوال پر ایک پی سی بی عہدیدار کا کہنا ہے کہ آئی لینڈ میں کرکٹ کی سرگرمیاں جاری ہیں، فی الحال میزبان بورڈ کی جانب سے ٹور کے حوالے سے کسی خدشے کا اظہار نہیں کیا گیا نہ اس کی ابھی کوئی ضرورت محسوس ہوئی ہے،سیریز شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ کی طویل مصروفیات اور بائیو ببل کی سختیاں جھیلنے کے بعد کرکٹرز کو آرام کا موقع مل گیا، چند نے کاؤنٹی کرکٹ میں صلاحیتیں نکھارنے کو ترجیح دی،جون میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی سے قبل تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا،آف سیزن میں کھلاڑیوں کی انفرادی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا،تمام پلیئرز کو ڈائٹ پلان پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔