امریکی صدر پر حکم چلانے والا ’انسانی خرگوش‘ کون تھا

قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ یہ خرگوش غالباً وائٹ ہاؤس کا کوئی بہت طاقتور اور بااختیار عہدیدار ہے


ویب ڈیسک April 21, 2022
قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ جو بائیڈن پر حکم چلانے والا یہ خرگوش غالباً وائٹ ہاؤس کا کوئی بہت بااختیار عہدیدار ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو دیکھ کر لوگ حیران ہیں کہ خرگوش کے بھیس میں یہ نامعلوم شخص کون ہے جو امریکی صدر جو بائیڈن پر حکم چلاتے ہوئے انہیں ایک سے دوسری جگہ جانے کےلیے کہہ رہا ہے۔

یہی نہیں بلکہ بائیڈن بھی کسی سعادت مند بچے کی طرح اس کا حکم مانتے ہوئے اُسی طرف چل دیتے ہیں کہ جس طرف چلنے کےلیے وہ خرگوش انہیں اشارہ کرتا ہے۔



ٹوئٹر پر اپ لوڈ کی گئی ان دونوں ویڈیوز میں الگ الگ زاویئے سے اس خرگوش کو بائیڈن پر حکم چلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق، یہ ویڈیو پیر 18 اپریل کے روز وائٹ ہاؤس میں ایسٹر کی خصوصی تقریب ''ایسٹر ایگ رول'' کے موقع پر بنائی گئی تھی۔

جو بائیڈن اس تقریب میں موجود لوگوں سے بات چیت کر رہے تھے کہ افغان رپورٹر ناظرہ کریمی نے ان سے پاکستان اور افغانستان کے بارے میں سوال کردیا۔

بائیڈن نے اس سوال کا جواب دینا شروع کیا ہی تھا کہ ایسٹر بنی (ایسٹر خرگوش) کے بھیس میں ایک نامعلوم شخص تیزی سے وہاں آ پہنچا اور ''ایسٹر بنی آگیا ہے!'' کا نعرہ بلند کرتے ہوئے، امریکی صدر کو دوسری طرف چلنے کا اشارہ کیا۔

https://twitter.com/craigtdillon/status/1516087819185405956

لوگوں کو زیادہ حیرت اس بات پر ہوئی کہ جو بائیڈن نے بھی بلا چوں و چرا کیے اس خرگوش کا حکم مانا اور وہاں سے چل پڑے۔

سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ یہ خرگوش غالباً وائٹ ہاؤس کا کوئی طاقتور اور انتہائی بااختیار عہدیدار ہے۔

اس حوالے سے کئی نام بھی لیے گئے لیکن بالآخر معلوم ہوا کہ وہ خرگوش کوئی مرد نہیں بلکہ خاتون تھیں جن کا نام میگن ہیز ہے۔



میگن ہیز امریکی صدر کی خصوصی معاون اور وائٹ ہاؤس میں سرکاری پیغام رسانی (میسج) سے متعلق شعبے کی ڈائریکٹر بھی ہیں۔

اپنے اسی عہدے کی بناء پر ایسٹر ایگ رول میں انہوں نے جو بائیڈن کو ایک بے موقع سوال کا جواب دینے سے باز رکھا اور دوسری طرف چلنے کا اشارہ کیا۔

بائیڈن بھی فوراً یہ اشارہ سمجھ گئے اور دوسری جانب چل پڑے۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اسی معمولی سی بات کا بتنگڑ بنا کر یہ ویڈیو وائرل کروا دی۔

مقبول خبریں