حصص مارکیٹ سنبھل نہ سکی مزید 21 پوائنٹس نیچے

انڈیکس 25479 پر بند، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں گرگئیں، 7 ارب 96 کروڑ کا نقصان


Business Reporter February 28, 2014
انڈیکس 25479 پر بند، بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں گرگئیں، 7 ارب 96 کروڑ کا نقصان۔ فوٹو : آن لائن

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی کاروباری صورتحال مایوس کن رہی، سرمایہ کاروں کے محتاط طرزعمل کی وجہ سے مارکیٹ اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کی زد میں رہی جس سے انڈیکس کی 25500 کی حد بھی گرگئی۔

مندی کے باعث 64.53 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید7 ارب96 کروڑ61 لاکھ95 ہزار83 روپے ڈوب گئے، کاروباری دورانیے کے دوران ایک موقع پر114.25 پوائنٹس کی تیزی اور بعدازاں 114.48 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام سیکٹر میں بعض اچھی خبروں کے باوجود سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں کھل کرسرمایہ کاری نہیں کی جارہی ہے۔

کیپٹل مارکیٹ کی سمت غیر واضح ہونے اور تواتر کے ساتھ مندی کے سبب ریٹیل انویسٹرز بھی مارکیٹ سے غائب ہوگئے ہیں جو مارکیٹ کی تنزلی کا سبب ہے، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 52 لاکھ83 ہزار 589 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ مقامی کمپنیوں کی جانب سے28 لاکھ58 ہزار 788 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے13 لاکھ 33 ہزار554 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے 4 لاکھ97 ہزار145 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے5 لاکھ94 ہزار100 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا،

مندی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس21.57 پوائنٹس کی کمی سے 25478.93 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 23.21 پوائنٹس کی کمی سے18573.10 اور کے ایم آئی30 انڈیکس76.80 پوائنٹس کی کمی سے42311.50 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت6.20 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر16 کروڑ50 لاکھ85 ہزار060 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار375 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں115 کے بھاؤ میں اضافہ، 242 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ 312.55 روپے بڑھ کر9625 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ36.33 روپے بڑھ کر 762.93 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ 201.43 روپے کم ہوکر 4352.87 روپے اور آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ 63.56 روپے کم ہو کر 1207.64 روپے ہوگئے۔

مقبول خبریں