موغادیشو انٹیلی جنس آفس کے قریب کار بم دھماکا 10 افراد ہلاک

حملہ قریبی ہوٹل کے باہر کیا گیا جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کی آمدورفت رہتی ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پولیس


AFP February 28, 2014
متعدد زخمی، حملہ قریبی ہوٹل کے باہر کیا گیا جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کی آمدورفت رہتی ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پولیس۔ فوٹو اے ایف پی

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک کار بم حملے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

حکام نے بتایاکہ یہ حملہ ایک ریستوران کے باہر کیا گیا جو صومالیہ کے انٹیلی جنس محکمے کے صدر دفاتر کے قریب واقع ہے، اس ریستوران میں سیکیورٹی اہلکاروں کا آنا جانا رہتا ہے۔ ایک پولیس اہلکار احمد مومن نے بتایا کہ متعدد افراد زخمی ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ علاوہ ازیں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک ترک ریستوران کی چھت پر واقع گیس ٹینک میں دھماکے سے 2 بچوں سمیت 12افراد جاں بحق اور31 زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر ایشیائی اور عرب بتائے جاتے ہیں۔

قطری وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے سے استنبول ریستوران سے منسلک ایک شاپنگ مال اور اس سے آگے واقع ایک پٹرول اسٹیشن کو بھی نقصان ہوا اور ریستوران کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ قطری ٹی وی کی جاری کردہ فوٹیج کے مطابق یہ ایک بہت بڑا دھماکا تھا۔رپورٹوں کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ میڈیکل اسٹاف نے ایک شخص کی لاش ریستوران کی عمارت سے 50 میٹر دور سے اٹھائی جبکہ ریستوران کی عمارت کی چھت بھی ڈھکی تھی۔ دھماکے سے 100 میٹر دورکھڑی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔