مری میں جنگلات کی کٹائی روکنے کا وزیر اعظم کا صائب فیصلہ

ماہرین کے مطابق کسی بھی ملک کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ اس کا 25 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہو


Editorial February 28, 2014
حکومت درختوں کی کٹائی روکنے کے ساتھ ساتھ نئے جنگلات لگانے پر بھی توجہ دے‘ اس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ فوٹو: فائل

کسی بھی ملک کی ترقی میں جنگلات اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے دنیا بھر میں بالخصوص ترقی یافتہ ممالک جنگلات میں اضافے پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی ملک کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ اس کا 25 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہو مگر پاکستان میں اس اعدادوشمار کے مطابق جنگلات بہت ہی کم ہیں اور جو موجود ہیں ان کی کٹائی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ ان جنگلات میں متعلقہ عملے کی ملی بھگت سے لکڑی چوری کی شکایات بھی عام ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا' سندھ' پنجاب' بلوچستان اور کشمیر میں موجود جنگلات بے تحاشا کٹائی کے باعث تیزی سے کم ہوتے جا رہے ہیں' اس کا سدباب ایک طرف حکومتیں اس کمی کو پورا کرنے کے لیے نئے جنگلات لگانے کی طرف بھی کوئی توجہ نہیں دے رہیں۔ دوسری جانب سڑکیں چوڑی کرنے اور ترقیاتی کاموں کا نام پر درختوں کو بے دریغ کاٹا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک ایسا مافیا بھی وجود میں آ چکا ہے جو نئی اسکیمیں بنانے کی آڑ میں درختوں کا صفایا اور زرخیز زمینوں کو تباہ کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں لکڑی' پھل اور سبزیاں روز بروز مہنگی ہوتی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جنگلات کی اہمیت کے پیش نظر مری میں ان کی کٹائی نہ کرنے کا حکم دے کر درست جانب قدم اٹھایا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں مری میں سہولیات کی بہتری کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے مری کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے جنگلات کی کٹائی کی اجازت کسی صورت بھی نہ دینے' مری میں تاریخی اہمیت کی حامل قدیم عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے اور سیاحت کے لیے اہم ترین شہر کی حیثیت سے اس کے ڈھانچہ کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ حکومت صرف مری ہی نہیں ملک بھر میں بھی جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ چند برس قبل ملک میں جو شدید سیلاب آیا تھا اس کی وجہ بھی جنگلات کا بے تحاشا کٹاؤ تھا۔ درخت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں بیماریاں بڑھنے کی ایک وجہ درختوں کا کٹاؤ اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑھنا بھی ہے۔ حکومت درختوں کی کٹائی روکنے کے ساتھ ساتھ نئے جنگلات لگانے پر بھی توجہ دے' اس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔